برازیل میں کورونا کے سبب 16 ہزار سے زائد افراد ہلاک

برازیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 7938 نئے کیس سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرین کی کل تعداد 241080 ہو گئی ہے۔ ملک میں کورونا انفیکشن سے 94122 لوگ مکمل طور ٹھیک بھی ہوئے ہیں

کورونا وائرس
کورونا وائرس
user

یو این آئی

ریو ڈی جنیریو: لاطینی امریکی ملک برازیل میں عالمی وبا کورونا وائرس (كووڈ -19) کا پھیلاؤ مسلسل بڑھتا ہی جا رہا ہے اور گزشتہ 24 گھٹوں کے دوران اس انفیکشن سے 485 لوگوں کی موت ہونے سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کرکے 16118 تک پہنچ گئی ہے۔

برازیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 7938 نئے کیس سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرین کی کل تعداد 241080 ہو گئی ہے۔ ملک میں کورونا انفیکشن سے 94122 لوگ مکمل طور ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔ برازیل کے قومی وزارت صحت نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ برازیل میں کورونا انفیکشن کے نئے معاملوں اور اس سے مرنے والے لوگوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔


امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ سینٹر (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری کئے گئے تازہ اعداد و شمار کے مطابق برازیل کورونا انفیکشن کے سب سے زیادہ معاملوں والے ممالک کی فہرست میں امریکہ، روس اور برطانیہ کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ چکا ہے۔ برازیل نے کورونا کے معاملے میں اٹلی، اسپین، فرانس اور جرمنی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

اس سے ایک دن پہلے برازیل میں کورونا انفیکشن کے 14919 نئے کیس سامنے آئے تھے جبکہ 800 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس دوران برازیل کے صدر جیئر بولسونارو نے ایک ہفتے پہلے لاک ڈاؤن کے قوانین میں نرمی کرتے ہوئے جم، بیوٹی پارلر اور نائی کی دکانوں کو کھولنے کی چھوٹ دی تھی۔ برازیل میں اب تک لاک ڈاؤن کے قوانین میں سے 57 سرگرمیوں کو چھوٹ دے دی گئی ہے۔


بولسونارو مسلسل کوروناوائرس کو ایک عام فلو بتاتے آئے ہیں جس کی وجہ سے انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ وہ اپنے وفد کے ساتھ مارچ میں امریکہ گئے تھے جس کے بعد ان کے وفد میں سے 20 ارکان کورونا سے متاثرہ پائے گئے تھے۔ کورونا وائرس (كووڈ -19) سے شدید طور پر برسرپیکار برازیل میں اس انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے لاک ڈاؤن نافذ ہے۔

واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے 11 مارچ کو کورونا وائرس (كووڈ -19) کو وبا قرار دیا تھا۔ سی ایس ایس ای کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا انفیکشن کے 47 لاکھ سے زیادہ معاملوں کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ اس وبا سے تین لاکھ سے زیادہ لوگوں کی اموات ہو چکی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 May 2020, 7:11 PM