سری لنکا میں حالات بہتر ہونے تک کنبہ سمیت بحری اڈے پر فوجی حفاظت میں رہیں گے مہندا راج پکشے

سری لنکائی وزارت دفاع کے سکریٹری نے کہا کہ جب ملک میں حالات معمول پر آ جائیں گے تب راج پکشے کو ان کی پسند والے مقام پر لے جایا جائے گا۔

مہندا راج پکشے، تصویر آئی اے این ایس
مہندا راج پکشے، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

معاشی اور سیاسی بحران میں پھنسے سری لنکا میں بڑے پیمانے پر تشدد شروع ہونے کے بعد کنبہ سمیت کولمبو چھوڑ چکے سابق وزیر اعظم مہندا راج پکشے اور ان کا کنبہ تب تک ترنکومالی بحری اڈے پر رہے گا جب تک کہ ملک میں حالات معمول پر نہیں ہو جاتے۔ فوج انھیں پوری سیکورٹی دے گی۔

وسیع تشدد کے بعد مجبوراً کولمبو سے بھاگنے کے بعد سری لنکائی وزارت دفاع کے سکریٹری کمل گنارتنے نے بدھ کو یہ اعلان کیا۔ خبر رساں ایجنسی سنہوا کی ایک رپورٹ کے مطابق میڈیا کو خطاب کرتے ہوئے گنارتنے نے کہا کہ جب ملک میں حالات معمول پر آ جائیں گے تب راج پکشے کو ان کی پسند کی جگہ پر لے جایا جائے گا۔ سکریٹری برائے دفاع نے کہا کہ چاہے اس میں کتنا بھی وقت لگے، فوج راج پکشے کو تب تک سیکورٹی مہیا کرائے گی، کیونکہ ایک سابق وزیر اعظم کے طور پر وہ زندگی بھر سیکورٹی کے حقدار ہیں۔


راج پکشے، ان کی بیوی شرنتھی اور ان کے سب سے چھوٹے بیٹے روہتا سمیت ان کا پورا کنبہ منگل کی صبح وزیر اعظم کی سرکاری رہائش ٹیمپل ٹریز سے بحریہ کے ہیلی کاپٹر سے روانہ ہوا تھا۔ پیر کو ان کے استعفیٰ کے بعد سے ملک میں تشدد بھڑک گیا تھا۔ پیر کو حکومت مخالف مظاہرین کے ساتھ حکومت حامی گروپوں کے تصادم کے بعد ملک میں کئی پرتشدد واقعات پیش آئے، جن میں ایک رکن پارلیمنٹ سمیت 8 لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور 200 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ حالات کو دیکھتے ہوئے پورے ملک میں کرفیو لگا دیا گیا ہے۔ ملک گیر کرفیو کو جمعرات کی صبح تک بڑھا دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔