اسرائیل ڈیفنس فورسز نے ایران کے 9 جوہری سائنسدانوں کی ہلاکت کا کیا دعویٰ، مہلوکین کی فہرست بھی جاری کی
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کردہ ویڈیو میں اسرائیل ڈیفنس فورسز نے دکھایا ہے کہ نیوکلیائی سائنسدانوں کو ہلاک کرنے کے لیے ایران میں کن ٹھکانوں کو ہدف بنایا گیا۔
اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ شدت اختیار کرتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ اسرائیل گزشتہ 2 دنوں سے ایران کے جوہری تنصیبات اور سرکاری ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہا ہے، اور جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایران بھی اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کر رہا ہے۔ یہ حملہ اسرائیل کی طرف سے 13 جون کی علی الصبح شروع ہوا تھا، جس کے تعلق سے اسرائیل ڈیفنس فورسز نے آج ایک اہم جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ اس حملے میں 9 جوہری سائنسداں ہلاک ہوئے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کردہ ویڈیو میں اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے دکھایا ہے کہ نیوکلیائی سائنسدانوں کو ہلاک کرنے کے لیے ایران میں کن ٹھکانوں کو ہدف بنایا گیا۔ اسی ویڈیو میں ایران کے 6 سینئر ملٹری کمانڈرس اور 9 جوہری سائنسدانوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ان اہم شخصیات کے نام بھی آئی ڈی ایف نے جاری کیے ہیں۔ دی گئی جانکاری کے مطابق فریدون عباسی (نیوکلیئر انجینئرنگ ایکسپرٹ)، محمد مہدی تہرانچی (فیزکس ایکسپرٹ)، اکبر مطلبی زادہ (کیمیکل انجینئرنگ ایکسپرٹ)، سعید برجی (میٹریلس انجینئرنگ ایکسپرٹ)، امیر حسن فاخاہی (فیزکس ایکسپرٹ)، عبدالحمید مینو شیہر (ریکٹر فیزکس ایکسپرٹ)، منصور اصغری (فیزکس ایکسپرٹ)، احمد رضا زلفگاری دریانی (نیوکلیئر انجینئرنگ ایکسپرٹ) اور علی بخوئی کاتریمی (میکانکس ایکسپرٹ) ان جوہری سائنسدانوں میں شامل ہیں، جو جمعہ کے روز ہوئے اسرائیلی حملہ میں ہلاک ہو گئے۔ آئی ڈی ایف کا دعویٰ ہے کہ ایران کے جوہری بم بنانے کی کوششوں میں ان سبھی کا اہم کردار تھا۔
آئی ڈی ایف کے ذریعہ جاری ویڈیو میں جن 6 سینئر ملٹری کمانڈرس کی موت کا دعویٰ کیا گیا ہے، ان کے نام بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔ اس نے بتایا ہے کہ مہلوکین میں طاہر پور (کمانڈر آف یو اے وی آرے)، محمد باگیری (چیف آف اسٹاف آف دی ایرانین آرمڈ فورسز)، حسین سلامی (کمانڈر آف دی اسلامک ریولیوشنری گارڈ کارپس)، غلام علی راشد (ہیڈ آف دی ایمرجنسی رسپانس ہیڈکوارٹرس)، عامر علی حاجی زادہ (کمانڈر آف دی اسلامک ریولیوشنری گارڈس کورپس، ایئر فورس) اور داؤد شیہیان (کمانڈر آف ایئر ڈیفنس) شامل ہیں۔
اس درمیان اسرائیلی حملوں میں ایران کے 2 مزید سینئر فوجی جنرل کی ہلاکت کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ ایران کے سرکاری میڈیا ادارہ نے ہفتہ کے روز ایک رپورٹ میں بتایا کہ خفیہ محکمہ کے ڈپٹی جنرل غلام رضا مہربی کی موت ہو گئی ہے۔ ڈپٹی آپریشنز مہدی ربانی کی موت سے متعلق جانکاری بھی اس رپورٹ میں دی گئی ہے۔ حالانکہ یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ ان دونوں جنرلوں کی موت کہاں ہوئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔