"یوکرین اور مشرق وسطیٰ میں چل رہی لڑائیوں کو ختم کرا دوں گا، تیسری جنگ عظیم نہیں ہونے دوں گا": ٹرمپ
ڈونالڈ ٹرمپ نے حلف برداری سے قبل ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ' امریکہ کو عظیم اور مضبوط بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے'۔ تارکین وطن معاملے میں سختی برتنے کی بات ٹرمپ نے پھر دہرائی۔

ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی دوسری مدت کار سے پہلے ایک بڑی ریلی کی۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ وہ دنیا میں چل رہی لڑائیوں کو روکتے ہوئے عالمی جنگ کے خدشہ کو ختم کر دیں گے۔ ریلی کے دوران انہوں نے کئی اہم اعلانات بھی کیے۔ اتوار کو واشنگٹن میں ہوئی اس ریلی میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ 'تاریخی رفتار اور طاقت' سے کام کریں گے اور ملک کے ہر بحران کا حل کر دیں گے۔ ٹرمپ نے لوگوں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ امریکہ کو عظیم اور مضبوط بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ اس دوران انہوں نے تارکین وطن معاملے میں سختی برتنے کی اپنی بات پھر دہرائی۔
ڈونالڈ ٹرمپ نے میک امریکہ گریٹ اگین فتح ریلی میں یوکرین اور مغربی ایشیا میں چل رہی لڑائیوں پر کہا "میں یوکرین میں جنگ کو ختم کراؤں گا، میں مشرق وسطیٰ میں بدامنی کا بھی خاتمہ کروں گا اور میں تیسری عالمی جنگ کو ہونے سے روک دوں گا، آپ کو شاید پتہ نہیں کہ ہم اس میں کتنے قریب ہیں۔"
ڈونالڈ ٹرمپ نے آگے کہا "ہم نے مشرق وسطیٰ میں مستقل امن کی سمت میں پہلا قدم اٹھاتے ہوئے ایک اہم جنگ بندی معاہدہ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ غزہ کا یہ معاہدہ نومبر میں ہماری تاریخی جیت کے نتیجہ کے طور پر ہی ہو سکتا تھا۔ اس کے تحت پہلے یرغمالیوں کو ابھی رہا کیا گیا ہے۔ بائیڈن کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے معاہدہ کرایا ہے لیکن اگر میں صدر ہوتا تو یہ (اسرائیل-حماس جنگ) کبھی شروع ہی نہیں ہوتی۔"
امیگریشن کے معاملے پر ٹرمپ نے کہا کہ ہم جلد ہی اپنے خودمختار علاقے اور سرحدوں پر کنٹرول قائم کریں گے۔ ہم امریکی سرزمین پر کام کرنے والے ہر غیر قانونی باہری گروہ کے رکن اور مائیگرینٹ کریمنل کو باہر نکال دیں گے۔ اس میں ہم کوئی نرمی نہیں دینے جا رہے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ ان کی حکومت اسکولوں میں حب الوطنی کے نصاب لائے گی۔ انہوں نے فوج اور حکومت سے بائیں بازو کے نظریات کے لوگوں کو نکالنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔