جارج فلائیڈ معاملہ: ڈونالڈ ٹرمپ نے کیا واشنگٹن میں مسلح افواج تعینات کرنے کا اعلان

وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں مسلح افواج تعینات کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن میں بد امنی انتہائی ذلت آمیز ہے، لاقانونیت اور تشدد کے خاتمہ کے لئے فوج کو متحرک کیا جائے گا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن میں بڑی تعداد میں مسلح افواج تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی پولیس اہلکاروں کے تشدد سے ہلاکت کے بعد امریکہ کے کئی شہروں میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں مسلح افواج تعینات کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن میں بد امنی انتہائی ذلت آمیز ہے، لاقانونیت اور تشدد کے خاتمہ کے لئے فوج کو متحرک کیا جائے گا، بطور صدر میری پہلی اور سب سے بڑی ذمہ داری امریکہ اور اس کے شہریوں کی حفاظت کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوٹ مار، جلاؤ گھیراؤ کو روکنے کے لیے ہزاروں فوجی تعینات کر رہا ہوں، ذمہ داروں کو بھاری جرمانے اور طویل وقت کے لئے قید کی سزائیں دلائیں گے۔ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ جارج فلائیڈ کیس میں انصاف فراہم کیا جائے گا۔ اس سے قبل انہوں نے ریاست کے گورنرز کو بھی پرتشدد کارروائیوں میں ملوث مظاہرین کےخلاف سخت ایکشن لینے کے لئے کہا تھا۔ امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس کے نزدیک چرچ کا بھی دورہ کیا جسے مظاہرے کے دوران آگ لگائی گئی تھی۔


دعائیہ تقریب کے دوران جارج فلائیڈ کے بھائی کی اپیل

واشنگٹن: امریکہ میں ایک پولیس اہلکار کے تشدد سے ہلاک ہونے والے سیاہ فام جارج فلائیڈ کے بھائی ٹیرنس فلائیڈ نے منی پولس شہر میں جائے وقوعہ پر پہنچ کر مظاہرین سے بات چیت کی۔ اس موقع پر جارج فلائیڈ کے لئے دعائیہ تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا۔ ٹیرنس فلائیڈ نے کہا کہ مختلف شہروں میں ہونے والے فسادات سے ان کا بھائی واپس نہیں آجائے گا۔ مظاہرین بدلہ لینے کے لئے اپنے آپ کو اس قابل بنائیں کہ انہیں پتا ہو کہ وہ کس کو ووٹ دے رہے ہیں۔ ٹیرنس نے مزید کہا کہ ان کا بھائی امن پسند شخص تھا۔ موقع پر موجود شہریوں نے مقتول کے بھائی سے اظہار ہمدردی بھی کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔