کووڈ ویکسین کی تیاری کے لیے 15 ارب ڈالر درکار، یو این سکریٹری جنرل کی فنڈ کے لئے اپیل

سکریٹری جنرل نے کہا کہ کووِڈ-19 کو کنٹرول کرنے کے لیے کاوشیں کی جارہی ہیں لیکن اس کے باوجود اس کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور گزشتہ ہفتے اس مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد دس لاکھ سے متجاوز ہوگئی ہے۔

انتونیو گوٹریس/ یو این آئی
انتونیو گوٹریس/ یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس نے کووِڈ-19 کے علاج کے لیے دنیا بھر میں ویکیسن مہیا کرنے کی غرض سے 15 ارب ڈالرز کے فنڈز کی اپیل کی ہے۔ وہ بدھ کے روز کرونا وائرس کی وبا سے متعلق ایک ورچوئل کانفرنس میں تقریر کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ کووِڈ-19 کی ویکسین کی پیشگی خریداری اور ذخیرہ کرنے کے لیے وسائل کی دستیابی ناگزیر ہے تاکہ اس موقع کو ضائع ہونے سے بچا جاسکے۔

انھوں نے کہا کہ ’’جو ممالک کووِڈ-19 کی تیاری وتحقیق پر کام کر رہے ہیں، ان کی معاونت بھی ضروری ہے۔‘‘ سکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ کووِڈ-19 کی وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے غیرمعمولی کاوشیں کی جارہی ہیں لیکن اس کے باوجود اس کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور گزشتہ ہفتے اس مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد دس لاکھ سے متجاوز ہوگئی ہے۔


انھوں نے کہا کہ ’’ یہ ہر ملک کے قومی اور اقتصادی مفاد میں ہے کہ وہ ٹیسٹوں اور علاج کو بڑھانے اور ویکسین کی ایک عالمی شے کے طور پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے مل جل کر کام کریں۔ عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) کی سرپرستی میں اے سی ٹی ایکسلیٹر کو مزید تین ارب ڈالرز وصول ہوگئے ہیں۔‘‘ انہوں نے دو ارب ویکسینوں کی تیاری اور تقسیم، ساڑھے 24 کروڑ خوراکوں اور 50 کروڑ تشخیصی کٹوں کی آیندہ سال دستیابی یقینی بنانے کے لیے 38 ارب ڈالر کی اپیل کی ہے۔

جرمن چانسلر اینجیلا میرکل نے اس مقصد کے لیے مزید 10 کروڑ یورو (11 کروڑ 70 لاکھ ڈالر) دینے کا وعدہ کیا ہے۔ جرمنی نے اس سے پہلے ساڑھے 67 کروڑ یورو دینے کا وعدہ کیا تھا۔ برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے 25 کروڑ یورو (32 کروڑ ڈالر) دینے کی ہامی بھری ہے۔ اس کے علاوہ اب اگر دوسرے ممالک مزید رقوم مہیا کرنے کا وعدہ کرتے ہیں تو وہ ہر چار ڈالر کے مقابلے میں ایک پاؤنڈ دے گا۔


سویڈن کے وزیراعظم اسٹیفن لوفوین نے ایک کروڑ یورو اور کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے گزشتہ ہفتے 44 کروڑ ڈالر دینے کا وعدہ کیا تھا۔ اس کانفرنس میں انھوں نے اس رقم کی تشہیر پر اکتفا کیا ہے۔ عالمی بنک کے صدر ڈیوڈ ملپاس کا کہنا تھا کہ انھوں نے کووِڈ-19 کی ویکسین کی خریداری کی غرض سے ممالک کی امداد کے لیے 12 ارب ڈالر مہیا کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بل گیٹس نے اپنی فاؤنڈیشن کی طرف سے اعلان کیا ہے کہ اس نے ویکسین کی عالمی سطح پر رسائی کے لیے 16 بائیو ٹیک فرموں کے ساتھ ایک نیا سمجھوتا کیا ہے۔

انھوں نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ ویکسین کی شکل میں ایک ’’عظیم سائنسی کامیابی‘‘ کے قریب ہے۔انھوں نے خبردار کیا ہے کہ دنیا کے غریب اور آمدنی والے ممالک میں ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ گیٹس فاؤنڈیشن سے سمجھوتا کرنے والی فرم جانسن اینڈ جانسن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلکس گورسکی نے سمٹ میں بتایا کہ ان کی کمپنی کم آمدن والے ممالک کو آیندہ سال کے وسط تک 50 کروڑ ویکسین خوراکیں مہیا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔