کویت: مرحوم امیر صباح الاحمد سپردِ خاک، نئے امیر نواف الاحمد الجابر کی حلف برداری

کویت کے سابق امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کے انتقال کے بعد شیخ نواف الاحمد الصباح کویتی قومی اسمبلی کے سامنے دستوری حلف اٹھانے کے بعد امیر کویت کے منصب پر فائز ہو گئے

کویت کے نئے امیر نواف الاحمد الجابر کی حلف برداری / Getty Images
کویت کے نئے امیر نواف الاحمد الجابر کی حلف برداری / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

کویت شہر: کویت کے شیخ نواف الاحمد الصباح بدھ کے روز کویتی قومی اسمبلی کے سامنے دستوری حلف اٹھانے کے بعد امیر کویت کے منصب پر فائز ہو گئے۔ کویت کے سابق امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح منگل کے روز امریکہ میں انتقال کر گئے تھے جہاں وہ جولائی کے دوران کویت میں آپریشن کے بعد علاج کی غرض سے ہسپتال میں داخل تھے۔ ان کی رحلت کے بعد کویت کے سابق ولی عہد شیخ نواف نے بدھ کے روز ان کی جگہ مملکت کی زمام کار سنبھالی۔

عہدے کا حلف اٹھاتے ہوئے نئے امیر نے کہا کہ ’’اللہ کی قسم اٹھا کر کہتا ہوں کہ میں ریاست کے دستور اور قوانین کا احترام کروں گا۔ میں عوام کی آزادیوں، مفادات، مالی مفاد کا تحفظ کروں گا۔ میں اپنی قوم کی آزادی اور علاقائی استحکام کا تحفظ کروں گا۔‘‘ کویت کے مرحوم امیر شیخ صباح الاحمد الصباح کا جسد خاکی بدھ کی سہ پہر امریکہ سے کویت شہر پہنچا تھا اور نماز جنازہ کے بعد انہیں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔

کویت کے مرحوم امیر صباح الاحمد سپردِ خاک کر دئے گئے / Getty Images
کویت کے مرحوم امیر صباح الاحمد سپردِ خاک کر دئے گئے / Getty Images

مرحوم شیخ صباح گذشتہ کچھ عرصہ سے علیل تھے۔ انھیں 18 جولائی کو طبیعت ناساز ہونے کے بعد کویت میں ایک اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ انھیں 23 جولائی کو مزید علاج کے لیے امریکہ لے جایا گیا تھا۔ انہوں نے اپنی طبیعت ناساز ہونے کے بعد 83 سالہ ولی عہد اور اپنے سوتیلے بھائی شیخ نواف الاحمد الصباح کو عارضی طور پر اپنے بعض اختیارات سونپ دیے تھے۔

ابھی تک ان کی جگہ کسی شخصیت کو نیا ولی عہد نامزد نہیں کیا گیا ہے۔ کویت کے آئین کے تحت ملک کے نئے ولی عہد کی نامزدگی کی قومی اسمبلی سے کثرت رائے سے منظوری ضروری ہے۔ روایتی طور پرشیخ مبارک الصباح کی اولاد سے تعلق رکھنے والی شخصیات ہی کو ولی عہد اور امیر مقرر کیا جاتاہے۔


قبل ازیں، امریکہ سے ایک خصوصی طیارہ مرحوم امیر کی میت لے کر کویت کے بین الاقوامی اڈے پر اترا تو وہاں اس کو وصول کرنے کے لیے نئے امیر کویت شیخ نواف الاحمد اور دوسرے اعلیٰ عہدے دار موجود تھے۔ مرحوم شیخ صباح کی میت کویت کے قومی پرچم میں لپٹی ہوئی تھی۔ اس کو ہوائی اڈے سے گاڑیوں کے ایک قافلے کی صورت میں نمازجنازہ کے لیے جامع مسجد بلال بن رباح رضی اللہ عنہ لے جایا گیا۔

کویت کے نئے امیر نواف الاحمد الجابر کی حلف برداری / Getty Images
کویت کے نئے امیر نواف الاحمد الجابر کی حلف برداری / Getty Images

وہاں ان کے خاندان کے افراد اور دوسرے اعلیٰ عہدے داروں نے نماز جنازہ ادا کی ہے۔ پھر ان کی میت کو تدفین کے لیے الصليبيخات قبرستان لے جایا گیا۔ قبرستان میں صرف شاہی خاندان کے افراد اور شیخ صباح کے قریبی رشتے داروں کو جانے کی اجازت تھی۔ عام افراد جمعرات سے ان کی قبر پر دعا کے لیے جا سکیں گے۔

امیر کویت شیخ صباح الاحمد الصباح گذشتہ منگل کے روز امریکہ میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کی عمر 91 برس تھی۔ ان کی وفات پر عرب اور اسلامی دنیا کے لیڈروں نے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور انسانیت کے لیے ان کی خدمات پر انھیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */