فرانس میں کورونا کا قہر جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 367 افراد ہلاک

فرانسیسی حکومت نے کورونا جانچ میں تیزی لانے کے لئے 11 مئی سے ملک میں ہر ہفتے کم از کم سات لاکھ کورونا ٹیسٹ کروانے کا ہدف مقرر کیا ہے جس کا خرچ حکومت برداشت کرے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

پیرس: عالمی وبا (كووڈ-19) کا پھیلاؤ اٹلی، ا سپین اور برطانیہ کی طرح دیگر یوروپی ممالک کی طرح فرانس میں بھی مسلسل بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ فرانس کی وزارت صحت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں كووڈ -19 سے مرنے والوں کی تعداد 23 ہزار کا ہندسہ پار کرکے 23660 ہو گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے دو ہزار سے زائد معاملات سامنے آئے ہیں۔ جبکہ اس بیماری سے 367 افراد کی موت ہوچکی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق 14500 سے زائد افراد کی موت اسپتال میں ہوئی ہیں جبکہ 8900 لوگوں نے دیگر سماجی طبی مراکز میں دم توڑا ہے۔ فرانس میں متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 165911 ہوگئی ہے۔


فرانس میں کورونا وائرس سے اب تک 46 ہزارسے زائد افراد مکمل طور پر ٹھیک ہو چکے ہیں اور انہیں اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ ملک میں گزشتہ دو ہفتے سے کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کمی آئی ہے اور نئے کیسز کی تعداد بھی مسلسل گھٹ رہی ہے۔ فرانسیسی وزیر اعظم ایڈورڈ فلپ نے منگل کے روز پارلیمنٹ میں لاک ڈاؤن سے باہر نکلنے کے اقدامات کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے نفاذ سے ایک ماہ میں 62000 افراد کی زندگیاں بچائی گئی ہیں۔ لیکن معیشت کو گرنے سے بچانے کے لئے لاک ڈاؤن کے کچھ قواعد میں ریلیف دینے کا وقت آگیا ہے۔

فرانس میں 11 مئی سے لاک ڈاؤن کے ضابطوں میں کچھ راحت دینے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت غیر ضروری سامان کی دکانوں کے علاوہ بازار بھی کھل سکیں گے۔ لیکن بار اور ریستوراں ابھی بند رہیں گے۔ ایڈورڈ فلپ نے کہا کہ ’’ہمیں اس وائرس کے ساتھ رہنا سیکھنا ہوگا جب تک کہ کوئی ویکسین یا مستقل علاج دستیاب نہیں ہوجاتا۔ فرانس کو کورونا انفیکشن کے دوسرے دور سے بھی بچنا پڑے گا جس کے لئے ہمیں سخت احتیاط برتنی ہوگی‘‘۔


فرانسیسی وزیر اعظم ایڈورڈ فلپ نے کہا کہ اگر روزانہ اس وائرس کے نئے معاملات کی تعداد تین ہزار سے کم نہیں رہے گی تو 11 مئی سے لاک ڈاؤن میں کسی بھی طرح راحت نہیں دی جائے گی۔ فرانسیسی حکومت نے کورونا جانچ میں تیزی لانے کے لئے 11 مئی سے ملک میں ہر ہفتے کم از کم سات لاکھ کورونا ٹیسٹ کروانے کا ہدف مقرر کیا ہے جس کا خرچ حکومت برداشت کرے گی۔ واضح ر ہے کہ فرانس میں کووڈ 19 کے انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے کے لئے 17 مارچ سے لاک ڈاؤن نافذ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔