چینی فوج میں تیز ہوئی ’صفائی مہم‘، ایک اور سینئر جنرل کے خلاف تفتیش شروع

تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ چین میں یہ ’صفائی مہم‘ فوجی نظام میں بہتری لانے اور چینی لیڈر شی جن پنگ کے تئیں وفاداری یقینی بنانے کے لیے شروع کی گئی ہے جو ملٹری کمیشن کے سربراہ بھی ہیں۔

چینی صدر شی جن پنگ / یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

چینی فوج کے ایک اعلیٰ جنرل کے خلاف نظم و ضبط اور قانون کی سنگین خلاف ورزیوں کے شبے میں تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ چین کی وزارت دفاع نے ہفتے کواس بات کا انکشاف کیا۔ چین کے طاقتور سینٹرل ملٹری کمیشن کے دو وائس چیئرمینوں میں سے ایک سینئرژانگ یوشیا کے خلاف یہ جانچ کی جا رہی ہے۔ وہ فوجی افسران کی طویل عرصے سے چل رہی ’صفائی مہم‘ میں پکڑے جانے والے سب سے نئے افسر ہیں۔

’سی این این‘ کی رپورٹ کے مطابق تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ یہ’صفائی مہم‘ فوجی نظام میں بہتری لانے اور چینی لیڈر شی جن پنگ کے تئیں وفاداری یقینی بنانے کے لیے شروع کی گئی ہے جو ملٹری کمیشن کے سربراہ بھی ہیں۔ یہ وسیع انسداد بدعنوانی مہم کا حصہ ہے جس کے تحت 2012 میں شی جن پنگ کے اقتدار میں آنے کے بعد سے 200,000 سے زیادہ افسران کو سزائیں دی جاچکی ہیں۔


چین کی وزارت دفاع کے ایک بیان کے مطابق کمیشن کے ایک دیگر رکن لیو ژینلی کو بھی چین کی حکمراں کمیونسٹ پارٹی کی طرف سے جانچ کے دائرے میں لایا گیا ہے۔ لیو کمیشن کے محکمہ جوائنٹ اسٹاف کے چیف آف اسٹاف ہیں۔ یہ کمیشن چین کا اعلیٰ ترین فوجی ادارہ ہے۔ بیان میں مبینہ گھپلوں یا بدعنوانی کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ 75 سالہ ژانگ نے 1968 میں پیپلز لبریشن آرمی میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ فوج کے جنرل بھی ہیں۔

گزشتہ اکتوبر میں کمیونسٹ پارٹی نے کمیشن کے دوسرے نائب چیئرمین ہی ویڈونگ کو برطرف کر دیا تھا اور ان کی جگہ کمیشن کے رکن ژانگ شینگمین کو مقرر کیا گیا تھا۔ چینی صدر شی جن پنگ کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) میں چلائی جارہی بدعنوانی کے خلاف مہم بنیادی طور پر بدعنوانی، خیانت اور وفاداری کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے۔ اس میں راکٹ فورس اور آلات کی خریداری یونٹس کے کئی اعلیٰ جنرلوں کو برطرف کرنے کے لیے چھان بین کے دائرے میں لایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔