چین: ایئرپورٹ پر کھڑے طیارے میں آتشزدگی، 100 سے زائد افراد کو بحفاظت نکالا گیا

پیپلز ڈیلی نے ایئر لائنز کے حوالے سے بتایا کہ تمام 113 مسافروں اور عملے کے 9 ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ معمولی زخمیوں کو ہسپتال لے جایا گیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بیجنگ: چین کے چونگ کنگ ایئرپورٹ پر منگل کی صبح تبت ایئرلائن کے طیارے میں آگ لگ گئی۔ سرکاری میڈیا نے بتایا کہ واقعے میں کچھ مسافر زخمی بھی ہوئے۔ سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے بتایا کہ چونگ کنگ سے لہاسا جانے والی پرواز میں چونگ کنگ جیانگ بی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آگ لگ گئی۔

پیپلز ڈیلی نے ایئر لائنز کے حوالے سے بتایا کہ تمام 113 مسافروں اور عملے کے 9 ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ معمولی زخمیوں کو ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ رن وے پر کھڑے طیارے میں آگ لگنے کے بعد آسمان پر دھواں تیزی سے اٹھ رہا ہے۔ امدادی ٹیم کی جانب سے جہاز پر پانی ڈالا جا رہا ہے اور آگ بجھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔


تبت ایئر لائنز نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسافروں اور عملے کے ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ زخمی مسافروں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں جنہیں علاج کے لیے اسپتال بھیجا گیا ہے۔ اس سے قبل مارچ کے مہینے میں کنمنگ سے گوانگزو جانے والی چائنا ایسٹرن فلائٹ تقریباً 29 ہزار فٹ کی بلندی پر پہاڑی علاقے میں آگ لگ گئی تھی، جس کے نتیجے میں جہاز پر سوار 132 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اسے چین کی 30 سالہ تاریخ کا سب سے بڑا حادثہ قرار دیا گیا۔ اس کی کوئی خاص وجہ نہیں بتائی گئی۔ اس طیارے سے دو بلیک باکس ملنے کے بعد امریکہ میں اس کا تجزیہ کیا جا رہا ہے تاکہ چائنا ایسٹرن فلائٹ میں ہونے والے اس حادثے کا راز کھل سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔