ہندوستان بھاگنے کی کوشش کے دوران بنگلہ دیش کی عوامی لیگ کے رہنما نے جان گنوائی

طلبا لیگ کے سابق جنرل سکریٹری کے بھتیجے نے بتایا ہے کہ ان کے چچا میگھالیہ کے شیلانگ میں ایک پہاڑی سے پھسل گئے جس کے بعد دل کا دورہ پڑنے سے ان کی موت ہوگئی۔

<div class="paragraphs"><p>موت علامتی تصویر/ سوشل میڈیا</p></div>

موت علامتی تصویر/ سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

بنگلہ دیش میں تختہ پلٹ کے بعد شیخ حسینہ کی پارٹی عوامی لیگ کے رہنماؤں کی مشکلیں لگاتار بڑھتی جا رہی ہیں۔ اتوار کو ایک میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی پارٹی کے اسٹوڈنٹ وِنگ کے رہنما کی ہندوستان بھاگنے کی کوشش کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی۔ 'دی ڈھاکہ ٹریبیون' کے مطابق طلبا لیگ کے سابق جنرل سکریٹری اسحٰق علی خان پنّا کے بھتیجے نے بتایا کہ ان کے چچا میگھالیہ کے شیلانگ میں ایک پہاڑی سے پھسل گئے جس سے انہیں دل کا دورہ پڑا اور ان کی موت واقع ہوگئی۔ ایک دیگر رشتہ دار جسیم الدین نے کہا کہ انہوں نے تین دن پہلے پنّا سے فون پر بات کی تھی۔ انہیں پتہ چلا کہ پنّا سلہٹ میں تمابل سرحد کے توسط سے ہندوستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، جہاں ان کی موت ہوگئی۔

اخبار میں کہا گیا ہے کہ بھاگنے کی کوشش کے دوران پنّا کے ساتھ عوامی لیگ کی مرکزی کمیٹی کے ایک رہنما اور جھلکتھی طلبا لیگ کے بھی رہنما موجود تھے۔ پنّا کے سلسلے میں جانکاری دی گئی ہے کہ وہ 1994 کی سنٹرل کونسل میں طلبا لیگ کے جنرل سکریٹری منتخب ہوئے تھے اور 2012 کی کونسل کے بعد وہ عوامی لیگ کی سنٹرل سب کمیٹی کے رکن بن گئے۔


غور طلب رہے کہ نوکریوں میں متنازعہ کوٹہ نظام کے سلسلے میں 5 اگست کو وزیراعظم شیخ حسینہ کے استعفیٰ کے بعد بنگلہ دیش میں قانونی نظام پوری طرح تباہ ہوگیا تھا۔ جگہ جگہ پُرتشدد مظاہرے ہو رہے تھے۔ کئی پولیس اسٹیشنوں پر حملے کیے گئے اور اسے آگ لگا دی گئی تھی جس کی وجہ سے افسران میں زبردست خوف تھا اور انہوں نے تحفظ کے پیش نظر کام کاج بند کر دیا تھا۔ بعد میں بنگلہ دیش میں محمد یونس کی سربراہی میں ایک عبوری ٓحکومت کا قیام عمل میں آیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔