ہاکی عالمی کپ میں ہندوستان نے جیت کے ساتھ کیا آغاز، اسپین کو 0-2 سے دی شکست، امت اور ہاردک نے کیے گول

پہلے ہاف میں ہندوستانی ٹیم 0-2 سے آ گے رہی اور جب دوسرا ہاف شروع ہوا تو اسپین ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھرپور کوشش کی کہ گول کر ہندوستان پر دباؤ بنایا جائے، لیکن انھیں کامیابی نہیں ملی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی ہاکی ٹیم نے ہاکی عالمی کپ کے پہلے مقابلے میں آج اسپین کو 0-2 سے شکست دے دی۔ ہندوستانی ٹیم نے آج بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12ویں اور 26ویں منٹ میں گول کیا۔ اسپین کی ٹیم نے گول کرنے کی بہت کوششیں کیں لیکن آخر تک وہ کوئی گول نہیں کر سکی۔ حالانکہ اسپینش کھلاڑیوں کو گول کرنے کے کچھ مواقع حاصل ہوئے تھے لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکے۔

آج ہندوستانی ٹیم جب میدان میں اتری تو 11ویں منٹ میں ہی اسے پنالٹی کارنر حاصل ہو گیا تھا، لیکن اس موقع کو گول میں تبدیل نہیں کیا جا سکا۔ اس کے بعد اگلے ہی منٹ میں مزید ایک پنالٹی کارنر حاصل ہوا جس پر امت روہداس نے شاندار گول کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کو میچ میں 0-1 سے آگے کر دیا۔ 13ویں منٹ میں ہندوستانی ٹیم کو مزید ایک پنالٹی کارنر ملا تھا، لیکن اس بار بھی گول نہیں کیا جا سکا۔ پہلے کوارٹر میں ہندوستانی ٹیم کو مجموعی طور پر تین پنالٹی کارنر ملے تھے جن میں سے ایک پر کامیابی حاصل ہوئی۔


دوسرے کوارٹر میں اسپین کو پہلا پنالٹی کارنر 24ویں منٹ میں ملا لیکن ناکامیابی حاصل ہوئی۔ ہندوستانی گول کیپر کرشنا پاٹھک نے شاندار دفاع کرتے ہوئے اسپین کو برابری کرنے سے روک دیا۔ انھوں نے اپنی اسٹک سے گیند کی سمت کو بدل دیا۔ کچھ ہی لمحہ بعد 26ویں منٹ میں ہندوستان نے دوسرا گول کر کے اپنی برتری کو 0-2 کر دیا۔ ہاردک سنگھ نے چار کھلاڑیوں کو چھکاتے ہوئے زبردست گول کیا۔ ان کا یہ گول طویل مدت تک یاد رکھا جائے گا جو کہ اس عالمی کپ میں ہندوستان کا پہلا فیلڈ گول ہے۔ ہاردک اسپین کے سرکل میں گیند کو لے کر آگے بڑھ رہے تھے۔ وہ گول پوسٹ کے قریب کھڑے للت اپادھیائے کو گیند دینا چاہتے تھے، لیکن اسپین کے ڈیفنڈر سے لگ کر گیند گول پوسٹ میں چلی گئی۔

پہلے ہاف میں ہندوستانی ٹیم 0-2 سے آ گے رہی اور جب دوسرا ہاف شروع ہوا تو اسپین ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھرپور کوشش کی کہ گول کر ہندوستان پر دباؤ بنایا جائے، لیکن انھیں کامیابی نہیں ملی۔ میچ کے تیسرے کوارٹر میں ہندوستان کو گول کرنے کا ایک بہترین موقع ملا تھا لیکن کامیابی نہیں مل سکی۔ 32ویں منٹ میں اسپین کے کھلاڑیوں کی غلطی کی وجہ سے سنہری موقع ملا تھا۔ پنالٹی اسٹروک پر سبھی کو امید تھی کہ ہندوستان مزید ایک گول کر دے گا، لیکن کپتان ہرمن پریت سنگھ اسپین کے گول کیپر کو چھکا نہیں پائے۔ ہندوستان نے 37ویں منٹ میں بھی پنالٹی کارنر حاصل کیا لیکن کپتان اور پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ ہرمن پریت سنگھ میدان پر نہیں تھے۔ ایسے میں دیگر کھلاڑیوں کے اوپر گیند کو گول پوسٹ میں ڈالنے کا چیلنج تھا، جس میں ناکامیابی ہاتھ لگی۔ 43ویں منٹ میں مزید ایک پنالٹی کارنر کو ہندوستانی ٹیم نے برباد کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔