دنیا میں ٹی بی انفیکشن کے سب سے زیادہ معاملے ہندوستان میں: رپورٹ

مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن اور مرکزی وزیر مملکت برائے صحت و خاندانی بہبود اشونی چوبے نے بدھ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ٹی بی رپورٹ 2019 کو جاری کیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: دنیا میں تپ دق انفکشن کے سب سے زیادہ 26.9 لاکھ معاملے ہندوستان میں ہیں اور اس صورت حال سے نمٹنے کے لئے تپ دق انفکشن کے ہر ایک معاملے کو نشان زد کرنا ضروری ہے تاکہ ان کی بہتر جانچ اور علاج ہوسکے۔ مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن اور مرکزی وزیر مملکت برائے صحت و خاندانی بہبود اشونی چوبے نے بدھ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ٹی بی رپورٹ 2019 کو جاری کیا۔

ٹی بی انفکشن کے کئی معاملے حکومت کی جانکاری میں نہیں آپاتے ہیں، جس سے نمٹنے کے لئے آن لائن نوٹیفیکیشن نظام ’نکشے‘ کی شروعات کی گئی نکشے کے نافذ ہونے سے جانکاری میں نہیں آنے والے ٹی بی انفکشن کے معاملے سال 2017 کے 10لاکھ سے زیادہ کے اعدادوشمار کم ہو کر صرف 2.9 لاکھ رہ گئے ہیں۔


رپورٹ کے مطابق ملک میں ٹی بی مریضوں کی پہچان کے لئے حکومت کی کوشش کامیاب رہی، جن سے ملک میں سال 2019 میں 24 لاکھ معاملے نشان زد ہوئے۔ سال 2018 میں پہچان کیے گئے معاملوں کے مقابلے یہ اعدادوشمار 12 فیصد سے زیادہ ہیں۔ ان 24 لاکھ میں سے 90 فیصد معاملے یعنی 21.6لاکھ کیسز نئے اور دوبارہ ٹی بی ہونے کے ہیں۔ اس سے فی لاکھ آبادی میں 199 ٹی بی انفکشن کے کیسزکی متوقع شرح کے مقابلے نشان زد معاملوں کی تعداد 159مریض فی لاکھ آبادی رہی۔

ڈاکٹر ہرش وردھن نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں نجی شعبہ سے ٹی بی انفکشن نشان زد کیے جانے کی تعداد 25 فیصدی بڑھ گئی ہے۔ نجی شعبے نے 6.79 لاکھ ٹی بی انفکشن کے معاملے کی پہچان کی ہے، جو کل کیسز کا تقریباً 28 فیصد ہے۔ سب سے زیادہ 20 فیصد معاملے اترپردیش میں نشان زد ہوئے ہیں۔ اس کے بعد مہاراشٹر میں نو، مدھیہ پردیش میں آٹھ، راجستھان میں سات اور بہار میں سات فیصد معاملے پہچان میں آئے۔ آبادی کے تناسب میں سب سے زیادہ چنڈی گڑھ میں 605 مریض فی لاکھ، دہلی میں 574 اور پڈوچیری میں 313 مریض فی لاکھ آبادی نشان زد ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق ان ریاستوں نے دوسری ریاستوں کے مریضوں کو بھی جانچ سہولت مہیا کرائی۔ جس کی وجہ سے یہاں پہچان کیے گئے کیسز کی تعداد زیادہ رہی۔


سال 2018 کے مقابلے ملک میں ٹی بی کے معاملے 18 فیصد بڑھے ہیں۔ انہوں نے کہا جن لوگوں کو ایڈس کا انفکشن ہوتا ہے ان میں سے بیشتر ٹی بی کی زد میں آتے ہیں۔ حالانکہ اب ایڈس کی صورتحال 1990 کی دہائی کی طرح نہیں ہے لیکن ایڈس کے مریضوں میں ٹی بی کی جانچ اور ٹی بی کے مریضوں میں ایڈس کی جانچ کی جاتی ہے۔ اسی کے تحت ٹی بی مریضوں کی ایچ آئی وی انفکشن کی جانچ میں تیزی لاتے ہوئے سال 2019 میں 81 فیصدی نشان زد ٹی بی مریضوں کی جانچ کی گئی جبکہ سال 2018میں 67 فیصد کی ایچ آئی وی جانچ کی گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔