ایشین گیمز میں ہندوستان کو گولڈ میڈل دلانے والے مشہور فٹ بالر پی. کے. بنرجی کا انتقال

پردیپ کماربنرجی ہندوستانی ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی رہ چکے ہیں اور ان کی کپتانی کے دور کو ہندوستانی فٹ بال کا گولڈن دور کہا جاتا ہے۔ان کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کولکاتا: ہندوستانی فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان کے. پردیپ کمار بنرجی کا آج طویل علالت کے بعد 83سال کی عمر میں انتقال ہوگیا ۔ ان کے پسماندگان میں دوبیٹیوں پولا اور پرنا ہیں جو مشہور ماہرین تعلیم ہیں اورکے چھوٹے بیٹے پرسون بنرجی ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ہیں۔

واضح رہے کہ پردیپ کماربنرجی ہندوستانی ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی رہ چکے ہیں اور ان کی کپتانی کے دور کو ہندوستانی فٹ بال کا گولڈن دور کہا جاتا ہے۔ان کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔ انہیں اسٹرائک میں مہارت حاصل تھی اور اپنی صلاحیت کے دم پر انھوں نے ہندوستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا۔ بعد میں انھوں نے کوچ کی ذمہ داری بھی ادا کی اور اس میں بھی انھیں کافی شہرت حاصل ہوئی۔ اس کے علاوہ انہوں نے موہن بگان اور ایسٹ بنگال دونوں کی کپتانی اور کوچنگ بھی کی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ پی کے بنرجی 2مارچ سے ہی وینٹی لیٹر پر تھے۔آج دوپہر ساڑھے بارہ بجے کے قریب انھوں نے آخری سانس لی۔ 23جون 1936میں جلپائی گوڑی ضلع کے میوناگوری میں پیدا ہوئے بنرجی تقسیم سے قبل اپنے چچا کے گھر جمشید پور میں مقیم تھے۔انہوں نے بین الاقوامی سطح پر 65 گول کیا اور قومی ٹیم کی 84میچوں میں نمائندگی کی۔

1962میں جکارتہ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے کے علاوہ انہوں نے 1960میں روم اولمپک میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کی۔ان کے گول کے بدولت ہی ٹیم انڈیا فرانس کے خلاف 1-1سے میچ ڈرا کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔اس سے قبل 1956میں ملبورن اولمپک میں ان کے گول کی بدولت ٹیم انڈیا نے 4-2سے جیت حاصل کی تھی۔ ہندوستانی فٹ بال کیلئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */