پوری دنیا میں فٹبال کا بخار، امبیڈکر اسٹیڈیم میں راجستھان یونائیٹڈ کا میچ نیروکا ایف سی سے ہفتہ کو

میچ سے پہلے کی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راجستھان یونائیٹڈ کے کوچ پشپیندر کنڈو نے کہا کہ وہ اسٹیڈیم میں اپنی واپسی کو لے کر بہت پرجوش ہیں کیونکہ ان کے کیریئر میں اس اسٹیڈیم کا بہت بڑا دخل رہا  ہے

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز
user

قومی آوازبیورو

پوری دنیا میں اس وقت فٹبال کا بخار چڑھا ہوا ہے اور اسی بخار کے بیچ دہلی گیٹ پر واقع مشہور امبیڈکر اسٹیڈیم میں راجستھان یونائیٹڈ ہیرو لیگ کا اپنا پہلا ہوم میچ منی پور کی نیروکا ایف سی سے ہفتہ کو  دوپہر 2 بجے کھیلے گی۔ راجستھان یونائیٹڈ نے امبیڈکر اسٹیڈیم  کو ہیرو لیگ کے اس سیزن میں اپنا گھریلو میدان بنایا ہوا ہے اس لئے اپنے تمام گھریلو یعنی ہوم  میچ وہ اسی اسٹیدیم میں کھیلے گی۔

واضح رہے کہ راجستھان یونائیٹڈ نے ابھی تک چار میچ کھیلے ہیں جو اپنی حریف ٹیم کے گھریلو اسٹیڈیم میں کھیلے ہیں جن میں سے اس نے دو جیتے ہیں، ایک ڈرا  کیا ہے اور ایک میچ میں ٹیم کو ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز

میچ سے پہلے کی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راجستھان یونائیٹڈ کے کوچ پشپیندر کنڈو نے کہا کہ وہ اسٹیڈیم میں اپنی واپسی کو لے کر بہت پرجوش ہیں کیونکہ ان کے کیریئر میں اس اسٹیڈیم کا بہت بڑا دخل رہا  ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’میرے پاس امبیڈکر اسٹیڈیم کی بہت اچھی یادیں ہیں۔ میں نے اپنے کیریئر کا آغاز مغل کلب کی جانب سے کھیلتے ہوئے کیا تھا اور اب یہاں میں اپنی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر واپسی کر رہا ہوں جو میرے لئے بہت اعزاز کی بات ہے اور یہ لمحہ  میرے لئے ایک جذباتی لمحہ ہے۔‘‘

کوچ کنڈو نے کہا کہ ان کی ٹیم پورے پوائنٹس حاصل کرنے کے لئے میدان میں اترے گی۔ انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ یہ میچ دہلی میں فٹبال شائقین میں ایک نیا جذبہ  پیدا کرے گا۔ کووڈ کی وجہ سے دو سال سے فٹبال کے شائقین اسٹیڈیم سے دور تھے ان کے لئے یہ میچ کسی تحفہ سے کم نہیں  ہے کیونکہ انہیں ایک اچھے کھیل کا مشاہدہ کرنے کا موقع ملے گا۔ شائقین کے سامنے کھیلنا ہمیشہ کھلاڑیوں کے لئے ایک بہترین موقع ہوتا ہے اور وہ اسے پسند کرتے ہیں۔


راجستھان یونائیٹڈ ایف سی کے کپتان مارٹن شاویز نے بھی امبیڈکر اسٹیڈیم میں کھیلنے پر خوشی  کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے اپنے گھریلو میدان سے دور کھیلتے ہوئے اچھے نتائج حاصل کئے ہیں اور پوری امید ہے کہ گھریلو میدان میں بھی ہماری ٹیم اچھے کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔‘‘ منی پور کی ٹیم نیروکا ایف سی کے کوچ ہندوستان کے بہترین کھلاڑی کھوگین سنگھ ہیں جن کو امید ہے کہ ان کی ٹیم شاندار کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔ کھوگین سنگھ نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس بھی امبیڈکر اسٹیدیم کی بہترین یادیں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔