فیفا عالمی کپ 2026: یمال-رونالڈو کی بہترین کارکردگی کی بدولت اسپین-پرتگال راؤنڈ آف 16 میں داخل، سوئٹزرلینڈ بھی فتحیاب

’راؤنڈ آف 32‘ کے آخری دن 3 مقابلے باقی ہیں، جن میں لیونل میسی، محمد صلاح اور لوئیس ڈیاز جیسے اسٹار کھلاڑی میدان میں اتریں گے۔

<div class="paragraphs"><p>گرافکس ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/FIFAWorldCup">@FIFAWorldCup</a></p></div>
i

’فیفا عالمی کپ 2026‘ کا ’راؤنڈ آف 32‘ مرحلہ اب اپنے آخری مرحلہ میں داخل ہو چکا ہے۔ جمعرات کو کھیلے گئے 2 انتہائی اہم مقابلوں میں اسپین اور پرتگال نے شاندار فتوحات حاصل کر کے آخری 16 میں اپنی جگہ پختہ کر لی۔ ایک جانب 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے تاریخ رقم کرتے ہوئے عالمی کپ کے ناک آؤٹ مرحلہ میں اپنا پہلا گول کیا، تو دوسری جانب 18 سالہ اسٹار لامین یمال نے اپنی شاندار کارکردگی سے آسٹریا کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ علاوہ ازیں جمعرات کو کھیلے گئے تیسرے اور آخری مقابلہ میں سوئٹزرلینڈ نے الجیریا کو شکست دے کر آخری 16 میں جگہ بنا لی۔ اب ’راؤنڈ آف 32‘ کے آخری دن 3 مقابلے باقی ہیں، جن میں لیونل میسی، محمد صلاح اور لوئیس ڈیاز جیسے اسٹار کھلاڑی میدان میں اتریں گے۔ آئیے جمعرات کو کھیلے گئے تینوں مقابلوں پر ڈالیں سرسری نظر۔

اسپین بمقابلہ آسٹریا:

لاس اینجلز اسٹیڈیم میں اسپین نے آسٹریا کو 0-3 سے شکست دے کر اپنی دعویداری مزید مضبوط کر دی۔ میچ میں میکل اویارزابال نے پہلا گول کر کے گولڈن بوٹ کی دوڑ میں اپنی پوزیشن برقرار رکھی۔ اب ان کے 4 گول ہو چکے ہیں اور وہ کیلیان ایمباپے، لیونل میسی، ہیری کین اور ایرلنگ ہالینڈ کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ تاہم سب سے زیادہ توجہ لامین یمال نے حاصل کی۔ نوجوان اسٹار نے پورے میچ میں اپنی رفتار، ڈربلنگ اور تخلیقی کھیل سے آسٹریا کے دفاع کو مسلسل پریشان رکھا۔ اسپین کے گول کیپر اونائی سیمون نے بھی تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نے مسلسل پانچویں عالمی کپ میچ میں کلین شیٹ برقرار رکھتے ہوئے اٹلی کے والٹر زینگا کے ریکارڈ کی برابری کر لی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے عالمی کپ میں مسلسل سب سے زیادہ منٹ تک کوئی گول نہ کھانے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔


پرتگال بمقابلہ کرویشیا:

ٹورنٹو میں پرتگال اور کرویشیا کے درمیان مقابلہ آخری لمحہ تک سنسنی سے بھرپور رہا۔ 53ویں منٹ میں ایوان پیریشیچ نے گول کر کے کرویشیا کو برتری دلائی۔ اس کے بعد رونالڈو کا ایک گول آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کر دیا گیا۔ تاہم وی اے آر کی مدد سے پرتگال کو پنالٹی ملی اور رونالڈو نے اسے گول میں تبدیل کر کے اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔ یہ عالمی کپ کے ناک آؤٹ مرحلہ میں ان کے کیریئر کا پہلا گول تھا۔ اس گول کے ساتھ ہی 41 سالہ رونالڈو عالمی کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں گول کرنے والے معمر ترین کھلاڑی بن گئے۔ انجری ٹائم میں گونکالو راموس نے فیصلہ کن گول کر کے پرتگال کو 1-2 کی برتری دلا دی۔ کرویشیا نے آخری لمحات میں برابر کا گول بھی کر دیا تھا، لیکن وی اے آر نے اسے آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کر دیا۔

اسپین اور پرتگال کی فتوحات کے بعد اب ’راؤنڈ آف 16‘ مرحلہ میں دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان ہائی وولٹیج مقابلہ ہوگا۔ ایک جانب 5 مرتبہ ’بیلن ڈی اور‘ جیتنے والے کرسٹیانو رونالڈو ہوں گے، تو دوسری جانب دنیا کے سب سے زیادہ زیر بحث نوجوان کھلاڑیوں میں شامل لامین یمال۔ اس مقابلے کو اس ورلڈ کپ کے سب سے بڑے میچوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔


سوئٹزرلینڈ بمقابلہ الجیریا:

سوئٹزرلینڈ نے ’راؤنڈ آف 32‘ کے مقابلہ میں الجیریا کو 0-2 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ سوئٹزرلینڈ نے پورے میچ میں متوازن کھیل پیش کیا اور بریل ایمبولو اور ڈین ندوئے کے گولوں کی بدولت آخری 16 مرحلے میں جگہ بنا لی۔ اگرچہ پہلے ہاف میں الجیریا نے چند اچھے مواقع پیدا کیے اور سوئس ٹیم کو چیلنج کیا، لیکن دوسرے ہاف کے آغاز میں ندوئے کے گول نے میچ کا رخ مکمل طور پر بدل دیا۔ اس کے بعد الجیریا کی ٹیم واپسی میں ناکام رہی اور سوئٹزرلینڈ کی فتح تقریباً یکطرفہ ہو گئی۔ اب سوئٹزرلینڈ منگل کو وینکوور میں ہی آخری 16 کا اپنا مقابلہ کھیلے گا، جہاں اس کا سامنا جمعہ کو کولمبیا اور گھانا کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔

قابل ذکر ہے کہ ’راؤنڈ آف 32‘ کا اختتام آج دیر رات کھیلے جانے والے 3 مقابلوں کے ساتھ ہوگا۔ سب سے پہلے آسٹریلیا اور مصر آمنے سامنے ہوں گے۔ دونوں ٹیمیں عالمی کپ کی تاریخ میں پہلی بار ناک آؤٹ مرحلے کا میچ جیت کر اگلے مرحلہ میں پہنچنے کی کوشش کریں گی۔ اس کے بعد موجودہ چیمپئن ارجنٹائنا کا مقابلہ کیپ وردے سے ہوگا۔ سب کی نظریں لیونل میسی پر ہوں گی، جو مسلسل آٹھویں عالمی کپ میچ میں گول کرنے کا ریکارڈ قائم کرنا چاہیں گے۔ تاہم گروپ مرحلہ میں ناقابل شکست رہنے والی کیپ وردے نے اسپین کو بھی ڈرا پر روکا تھا، اس لیے وہ بڑا اپ سیٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ دن کے آخری مقابلے میں کولمبیا اور گھانا آمنے سامنے ہوں گے۔ گروپ مرحلہ میں پرتگال کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی کولمبیا شاندار فارم میں ہے، جبکہ کارلوس کیروش کی کوچنگ میں گھانا نے مضبوط دفاع اور تیز جوابی حملوں کے ذریعہ کئی ٹیموں کو پریشان کیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔