فیفا عالمی کپ 2026: رونالڈو کے 2 گول کی بدولت پرتگال کی ازبکستان پر 0-5 سے فتح، نیا عالمی ریکارڈ بھی کیا قائم

41 سال کے رونالڈو نے اس میچ میں گول داغ کر دنیا کے پہلے ایسے کھلاڑی ہونے کا شرف حاصل کیا جنھوں نے 6 الگ الگ عالمی کپ ٹورنامنٹ میں گول داغے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>کرسٹیانو رونالڈو، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/FIFAWorldCup">@FIFAWorldCup</a></p></div>
i

کرسٹیانو رونالڈو نے فیفا عالمی کپ 2026 میں ازبکستان کے خلاف 2 گول داغ کر پرتگال کو 0-5 سے بڑی فتح دلا دی۔ اس میچ میں انہوں نے ایک خاص ریکارڈ بھی اپنے نام کیا اور وہ ہے 6 مختلف عالمی کپ ٹورنامنٹس میں گول کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بنے کا۔ منگل کے روز عالمی کپ میں پرتگال نے ازبکستان کو 0-5 سے شکست دی اور اس فتح میں سب سے نمایاں کردار رونالڈو کا ہی رہا، جنہوں نے 2 گول کر ٹیم کی کامیابی میں اہم حصہ ادا کیا۔ اس کارکردگی کے لیے انہیں پلیئر آف دی میچ بھی قرار دیا گیا۔ اس جیت کے بعد ’گروپ کے‘ میں پرتگال کے 4 پوائنٹس ہو گئے ہیں۔

41 سالہ رونالڈو نے اس میچ میں جیسے ہی پہلا گول کیا، وہ دنیا کے پہلے ایسے فٹبالر بن گئے جنہوں نے 6 مختلف عالمی کپ ٹورنامنٹس میں گول کیا ہے۔ یہ ان کے شاندار کیریئر کی ایک اور بڑی کامیابی ہے۔ پرتگال کا گزشتہ میچ کانگو کے خلاف ہوا تھا اور اس مقابلے میں رونالڈو کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے۔ وہ میچ 1-1 سے برابر رہا تھا۔ اس کے بعد بعض لوگوں نے سوال اٹھائے تھے کہ انہیں ابتدائی ٹیم میں جگہ ملنی چاہیے یا نہیں۔ تاہم ازبکستان کے خلاف اپنی کارکردگی سے انہوں نے تمام ناقدین کو خاموش کر دیا۔


پہلا گول کرنے کے بعد رونالڈو نے اپنا مشہور ’سیووو‘ جشن منایا اور پھر اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ بنچ کی جانب دوڑ کر خوشی کا اظہار کیا۔ بہرحال، ازبکستان اب ہفتہ کی شب اٹلانٹا میں کانگو کے خلاف میدان میں اترے گا، جبکہ پرتگال اپنا آخری گروپ میچ ہفتہ کی رات میامی میں کولمبیا کے خلاف کھیلے گا۔

قابل ذکر ہے کہ ارجنٹائنا کے عظیم کھلاڑی لیونل میسی نے اس عالمی کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ وہ اب تک اس ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ یعنی فیفا عالمی کپ کی تاریخ میں ان سے زیادہ گول کسی بھی کھلاڑی نے نہیں کیا ہے۔ کئی دیگر کھلاڑی بھی اس عالمی کپ میں اپنی کارکردگی سے فٹبال شائقین کو محظوظ کر رہے ہیں۔ تنقید کا سامنا کر رہے رونالڈو کا نام بھی اب ان کھلاڑیوں میں شامل ہو گیا ہے، اور امید کی جا رہی ہے کہ اب ٹورنامنٹس میں آگے ان سے مزید کئی گول دیکھنے کو ملیں گے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔