فیفا نے انڈین فٹبال فیڈریشن پر عائد پابندی ہٹائی، اب ہندوستان میں ہی ہوگا عالمی کپ

گزشتہ 16 اگست کو فیفا نے تیسرے فریق کی مداخلت کے سبب اے آئی ایف ایف کو معطل کر دیا تھا، فیفا کے اصول و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی کی وجہ سے یہ فیصلہ لیا گیا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

فیفا نے آل انڈیا فٹبال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) پر عائد پابندی ہٹانے کا اعلان کر دیا ہے۔ جمعہ کے روز اس سلسلے میں فیفا نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ ’’فیفا نے 25 اگست کو اے آئی ایف ایف کی معطلی کو فوری اثر سے ہٹانے کا فیصلہ کیا۔ اب فیفا انڈر-17 خاتون عالمی کپ 11 سے 30 اکتوبر تک ہندوستان میں پہلے جاری منصوبہ کے مطابق منعقد کیا جا سکتا ہے۔‘‘

دراصل گزشتہ 16 اگست کو فیفا نے تیسرے فریق کی مداخلت کے سبب اے آئی ایف ایف کو معطل کر دیا تھا۔ فیفا کے اصول و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی کی وجہ سے یہ فیصلہ لیا گیا تھا۔ اے آئی ایف ایف کو اپنی 85 سالہ تاریخ میں پہلی بار فیفا سے معطلی برداشت کرنی پڑی۔ فیفا کے اس فیصلے سے اکتوبر میں ہونے والے انڈر-17 خاتون عالمی کپ کی میزبانی کے حقوق بھی ہندوستان سے چھین لیے گئے تھے۔


واضح رہے کہ اے آئی ایف ایف کے انتخاب فیفا کونسل کے رکن پرفل پٹیل کی قیادت میں دسمبر 2020 تک ہونے تھے، لیکن اس کے آئین میں ترمیم پر رخنہ اندازی کے سبب اس میں تاخیر ہئوی۔ اس کے بعد رواں ماہ کے شروع میں سپریم کورٹ نے فوراً انتخاب کرانے کا حکم دیا تھا اور کہا تھا کہ ’سی او اے‘ تین ماہ کی مدت کے لیے ایک عارضی باڈی ہوگی۔ سی او اے نے انتخاب کو اپنے مطابق کرانے کا طے کیا اور اس میں کچھ سابق اہم کھلاڑیوں سے ووٹ کرانے کا فیصلہ لیا۔ اسے فیفا نے تیسرے فریق کی مداخلت تصور کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔