این سی بی لاک اَپ میں ٹہلتے ہوئے گزری ریا چکرورتی کی رات، بھائیکھلا جیل منتقل

این سی بی نے ریا کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کی ایک اور دفعہ جوڑ دی ہے جس سے انھیں ضمانت میں مشکل ہو سکتی ہے۔ خبروں کے مطابق ریا کے خلاف دفعہ 27(اے) لگائی گئی ہے جس میں 10 سال قید کی سزا ہے۔

ریا چکروتی، تصویر یو این آئی
ریا چکروتی، تصویر یو این آئی
user

تنویر

سوشانت سنگھ موت کی جانچ کے درمیان ریا چکرورتی کا ڈرگس کنکشن سامنے آنے کے بعد وہ این سی بی کی گرفت میں بری طرح پھنس گئی ہیں۔ عدالت نے انھیں 14 دن کی عدالتی حراست میں منگل کے روز ہی بھیج دیا تھا، لیکن فیصلہ دیر شام آنے کی وجہ سے انھیں جیل نہیں بھیجا جا سکا اور پوری رات انھیں این سی بی لاک اَپ میں گزارنی پڑی۔ بدھ کی صبح انھیں این سی بی دفتر سے بھائیکھلا جیل منتقل کر دیا گیا۔

میڈیا میں آ رہی خبروں کے مطابق منگل کی رات این سی بی لاک اَپ میں ریا چکرورتی بہت پریشان نظر آئیں۔ وہ لاک اَپ میں بار بار اٹھ کر ٹہلتی ہوئی بھی دیکھی گئیں۔ ایسا مانا جا رہا ہے کہ آگے کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے ریا چکرورتی کو نیند نہیں آئی اور بدھ کی صبح ان کے لیے بری خبر یہ بھی آئی کہ انھیں عدالت سے ضمانت ملنی مشکل ہے۔ دراصل ریا پر ڈرگس لینے اور سوشانت سنگھ کو ڈرگس دینے سمیت کئی سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ریا کا کردار ڈرگس کے ٹرانسپورٹیشن اور جمع کرنے والے سنڈیکیٹ کے رکن کی شکل میں دکھایا گیا ہے۔ ریا نے خود بھی اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ وہ ڈرگس لیا کرتی تھیں۔


قابل ذکر ہے کہ ریا کے وکیل ستیش مانشندے نے منگل کے روز ضمانت کی عرضی داخل کی تھی جسے عدالت نے خارج کر دیا تھا۔ بدھ کے روز ستیش سیشن کورٹ میں اپیل کرنے والے تھے، لیکن اس سے پہلے ہی خبر عام ہو گئی کہ این سی بی نے ریا کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کی ایک اور دفعہ جوڑ دی ہے جس سے انھیں ضمانت ملنے میں مشکل ہو سکتی ہے۔ خبروں کے مطابق ریا کے خلاف دفعہ 27(اے) لگائی گئی ہے جس میں 10 سال قید کی سزا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس دفعہ میں غیر قانونی ڈرگ ٹریفیکنگ میں پیسے کے لین دین کا معاملہ آتا ہے۔ اب جس دفعہ میں 10 سال یا اس سے زیادہ کی سزا کا انتظام ہے، ایسے معاملوں میں عموماً عدالت ضمانت نہیں دیتی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔