’پنگا گرل‘ کنگنا راناوت کی مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات

ممبئی میں شیوسینا کے کارکنان کی جانب سے ایک نیوی افسر کی پٹائی کیے جانے کے بعد بھی کنگنا راناوت نے ادھو ٹھاکرے حکومت پر سخت رد عمل ظاہر کیا تھا۔ اس کے بعد وہ آج گورنر سے ملاقات کے لئے پہنچیں ہیں۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملہ میں مہاراشٹر کی ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی حکومت اور ممبئی پولیس پر سوال اٹھانے کے بعد سیاسی بحث کا موضوع بن چکیں کنگنا راناوت نے اتوار کے روز مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کی۔ کچھ روز قبل برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کی جانب سے کنگنا کے دفتر میں غیرقانونی تعمیرات مسمار کرنے کی کارروائی انجام دی تھی، لہذا یہ خیال کیا جاتا ہے کہ کنگنا کی گورنر سے ملاقات اسی سلسلہ میں ہوئی ہے۔

ممبئی میں شیوسینا کے کارکنان کی جانب سے ایک نیوی افسر کی پٹائی کیے جانے کے بعد بھی کنگنا راناوت نے ادھو ٹھاکرے حکومت پر سخت رد عمل ظاہر کیا تھا۔ اس کے بعد وہ آج گورنر سے ملاقات کے لئے پہنچیں ہیں۔ ایک طرف جہاں اس معاملہ پر شیو سینا نے کنگنا کے معاملہ میں اپنے تیور کچھ نرم کر لئے ہیں وہیں دوسری طرف بی جے پی اس مسئلہ کو ہوا دے رہی ہے اور ملک میں جگہ جگہ ہندو پرست تنظیموں اور بی جے پی سے وابستہ کارکنان کنگنا کی حمایت میں احتجاج کر رہے ہیں۔


کنگنا کا دفتر توڑنے کے بعد جمعہ کے روز مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے نے بھی گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کی اور کنگنا راناوت کو معاوضہ دیئے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اٹھاولے نے نامہ نگاروں کو بتایا، "میں نے گورنر (راج بھون میں) سے 20-25 منٹ تک بات چیت کی۔ ہم نے کنگنا راناوت سے متعلق معاملے پر تبادلہ خیال کیا، ان کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔