بھاری دل کے ساتھ کنگنا ممبئی سے منالی کے لیے روانہ، لیکن پھر دہرائی 'پی او کے' والی بات

کنگنا رناوت نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا کہ "میرے چاروں طرف خطرناک اسلحہ کے ساتھ الرٹ سیکورٹی، کہنا ہوگا کہ پی او کے والی میری بات درست تھی۔"

کنگنا راناوت، تصویر یو این آئی
کنگنا راناوت، تصویر یو این آئی
user

تنویر

شیوسینا سے زبردست ٹکراؤ کا سامنا کر رہی بالی ووڈ اداکار کنگنا راناوت آج ممبئی سے اپنے آبائی شہر منالی کے لیے روانہ ہو گئیں۔ انھوں نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں بتایا ہے کہ وہ بہت بھاری دل سے 'وائی سیکورٹی' کے ساتھ واپس منالی جا رہی ہیں۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "بھاری من سے ممبئی چھوڑ رہی ہوں، جس طریقے سے میں ان دنوں لگاتار دہشت زدہ تھی، میرے ورک پلیس کے بعد گھر کو توڑنے کی کوشش کی گئی۔ مجھ پر لگاتار حملے ہوئے اور گالیاں پڑیں۔"

دلچسپ بات یہ ہے کہ ممبئی کا موازنہ پی او کے (پاکستان مقبوضہ کشمیر) سے کرنے کے سبب تنازعہ کا شکار ہوئی کنگنا نے منالی کے لیے روانگی کے وقت ایک بار پھر 'پی او کے' والی بات دہرا دی۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ "میرے چاروں طرف خطرناک اسلحہ کے ساتھ الرٹ سیکورٹی، کہنا ہوگا کہ پی او کے والی میری بات درست تھی۔" اس کے بعد کنگنا نے مزید ایک ٹوئٹ کیا جس میں انھوں نے کہا کہ "محافظ ہی دشمن ہونے کا اعلان کر رہے ہیں۔" ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی لکھا کہ "گھڑیال بن جمہوریت کا 'چیرہرن' کر رہے ہیں، مجھے کمزور سمجھ کر ہی بہت بڑی بھول کر رہے ہیں۔"


کنگنا راناوت اتنے پر ہی خاموش نہیں ہوئیں، بلکہ یہاں تک کہہ ڈالا کہ "ایک خاتون کو ڈرا کر، اسے نیچا دکھا کر اپنی شبیہ کو دھول کر رہے ہیں۔" غور طلب ہے کہ کنگنا کچھ دنوں کے لیے ممبئی آئی تھیں اور وہ جس دن ممبئی پہنچی تھیں، اسی دن بی ایم سی نے ممبئی کے پالی ہلز واقع ان کے دفتر کے ایک حصے کو غیر قانونی بتاتے ہوئے منہدم کر دیا تھا۔ اس کے بعد ممبئی میں سیاست گرما گئی تھی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اس سے کنگنا کو تقریباً 2 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔