’غیر قانونی تعمیرات‘ توڑے جانے پر ہائی کورٹ کی روک، کنگنا کا ادھو ٹھاکرے پر سیدھا حملہ

عدالت کی جانب سے یہ روک جمعرات دوپہر تین بجے لگائی گئی ہے حالانکہ بی ایم سی نے پہلے ہی اپنی کارروائی پوری کرلی تھی۔ عدالت اس معاملے میں جمعرات کو پھر سے سماعت کرے گی۔

کنگنا رناوت کے دفتر کے خلاف کارروائی کا منظر / تصویر ٹوئٹر
کنگنا رناوت کے دفتر کے خلاف کارروائی کا منظر / تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کنگنا راناوت کے ممبئی واقع ’منی کرنیکا فلمز‘ دفتر کو برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے غیر قانونی تعمیر بتاتے ہوئے توڑ دیا ہے۔ اس دوران بامبے ہائی کورٹ نے کنگنا رناوت کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے بی ایم سی کی کارروائی پر روک لگادی ہے۔

عدالت کی جانب سے یہ روک جمعرات دوپہر تین بجے لگائی گئی ہے حالانکہ بی ایم سی نے پہلے ہی اپنی کارروائی پوری کرلی تھی۔ عدالت اس معاملے میں جمعرات کو پھر سے سماعت کرے گی۔ عدالت نے کنگنا راناوت کے دفتر میں غیر قانونی تعمیر کو گرانے میں اتنی جلد بازی کرنے کے لئے بی ایم سی سے جواب طلب کیا ہے۔ کل بی ایم سی کو اس کا جواب دینا ہے۔


بی ایم سی کی جانب سے دفتر میں غیر قانونی تعمیرات مسمار کیے جانے کے درمیان کنگنا بدھ کو ہی ہائی کورٹ سے رجوع ہوئی تھیں۔ اس سے پہلے ہائی کورٹ نے ایک حکم میں کہا تھا کہ 30 ستمبر تک کوئی بھی عمارت منہدم نہیں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس وبا کے پیش نظر بامبے ہائی کورٹ نے گزشتہ 26 مارچ کو ایک حکم جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاستی حکومت بی ایم سی اور سبھی متعلقہ محکمے کسی کے خلاف کوئی مخالف کارروائی جلد بازی میں نہ کریں۔ کنگنا اور شیو سینا لیڈروں کے مابین جاری زبانی جنگ کے دوران بی ایم سی نے یہ کارروائی کی ہے۔ کنگنا بدھ کو اپنی آبائی ریاست سے ممبئی پہنچ چکی ہیں۔


ہماچل سے ممبئی کے لئے روانہ ہونے والی کنگنا صبح سے ہی مہاراشٹر حکومت اور ادھو ٹھاکرے پر حملہ آور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیو سینا کے ساتھ ہونے والے تنازعہ کے بعد سے ہی مہاراشٹر حکومت ان کو نشانہ بنا رہی ہے۔ کنگنا نے اس کے پہلے اپنے دفتر کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ مہاراشٹر حکومت کے غنڈے میری پراپرٹی کو گرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مہارشٹر حکومت کو بابر اور بی ایم سی کے ملازمین کو اس کی فوج قرار دیا تھا۔

دریں اثنا، کنگنا رناوت نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے پر حملہ بولتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کیا۔ اپنے ویڈیو پیغام میں کنگنا نے ادھو ٹھاکرے کو تو تڑاک سے بات کی۔ کنگنا نے ویڈیو میں کہا کہ ’’ادھو ٹھاکرے تجھے کیا لگ رہا ہے، میرا گھر ڈھا دیا گیا، کل تمہارا غرور بھی اکھڑ جائے گا۔ وقت کا پہیہ چلتا رہتا ہے۔’’


کنگنا نے اس معاملہ کو کشمیری پنڈتوں سے بھی جوڑتے ہوئے کہا کہ آج انہیں کشمیری پنڈتوں کا درد معلوم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں نے اس ملک کے لئے قسم کھائی ہے کہ میں صرف ایودھیا ہی نہیں بلکہ کشمیر پر بھی ایک فلم بناؤں گی۔ مجھے پتا ہے کہ کشمیری پنڈتوں نے کیا برداشت کیا ہے، میں نے وہ آج محسوس کر لیا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */