ڈرگس کیس: شاہ رخ کے بیٹے آرین خان نے این سی بی دفتر میں دی ’ہفتہ واری حاضری‘

29 اکتوبر کو ضمانت ملنے کے بعد آرین 5 نومبر کو پہلی بار عوامی طور پر اس وقت دیکھے گئے تھے جب این سی بی دفتر میں حاضری لگانے پہنچے تھے، آج بھی وہ حاضری کے لیے ہی این سی بی دفتر پہنچے۔

فائل تصویر، آئی اے این ایس
فائل تصویر، آئی اے این ایس
user

تنویر

معروف بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان نے جمعہ کے روز ممبئی این سی بی دفتر پہنچ کر حاضری دی۔ ضمانت کے لیے طے شرطوں کے مطابق آرین خان آج ہفتہ واری حاضری کے لیے این سی بی دفتر پہنچے تھے۔ حاضری کے کچھ دیر بعد ہی وہ وہاں سے نکل گئے۔ ممبئی کروز ڈرگس معاملے میں شرائط کی بنیاد پر ملی ضمانت کے مطابق آرن خان کو ہر جمعہ این سی بی کے سامنے حاضری دینی ہے۔ اس حاضری کا حکم بامبے ہائی کورٹ نے دیا تھا جس پر آرین خان پابندی سے عمل کر رہے ہیں۔

گزشتہ 29 اکتوبر کو ضمانت ملنے کے بعد آرین خان گزشتہ ہفتہ 5 نومبر کو پہلی بار عوامی طور پر اس وقت دیکھے گئے تھے جب این سی بی دفتر میں حاضری لگانے پہنچے تھے۔ مشروط ضمانت دیتے ہوئے بامبے ہائی کورٹ نے کئی دیگر باتوں کے علاوہ یہ بھی طے کیا تھا کہ انھیں ہر جمعہ کو صبح 11 بجے سے دوپہر 2 بجے کے درمیان این سی بی دفتر میں پیش ہونا ہوگا، اپنے پاسپورٹ جمع کرنے ہوں گے اور بغیر اجازت ممبئی یا ہندوستان سے باہر نہیں جانا ہوگا۔


2 اکتوبر کو لگزری جہاز کارڈیلیا کروز پر این سی بی کی سنسنی خیز چھاپہ ماری کے بعد آرین خان کے ساتھ ساتھ ارباز مرچنٹ اور منمن سمیت 8 لوگوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ مبینہ کروز ریو پارٹی کی جانچ میں این سی بی نے کچھ غیر ملکی شہریوں سمیت 12 دیگر لوگوں کو بھی گرفتار کیا تھا، اور بیشتر اب ضمانت پر باہر ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔