مراکش سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی افریقی ٹیم، سیمی فائنل میں فرانس سے مقابلہ

دفاعی چیمپئن فرانس  کا مقابلہ پہلی بار مراکش سے ہوگا، جس نے کواٹر فائنل میں پرتگال کو ہرا کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنا ئی  ہے ۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

سید خرم رضا

فرانس کے اولیور گیروڈ نے فاتح گول کیا اور انگلینڈ کے ہیری کین نے پنالٹی مس کی۔ موجودہ چیمپین  فرانس نے بیک ٹو بیک ٹائٹل کا تعاقب جاری رکھتے ہوئے اتوار کو قطر میں ہونے والے فیفا عالمی  کپ 2022 کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے البیت اسٹیڈیم میں انگلینڈ کو ایک گول کے مقابلہ دو گولوں سے شکست دی ۔ دفاعی چیمپئن کا مقابلہ پہلی بار مراکش سے ہوگا، جس نے کواٹر فائنل میں پرتگال کو ہرا کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنا لی ہے ۔

اولیور گیروڈ نے وقت  ختم ہونے سے 12 منٹ پہلے ہیڈر کے ذریعہ  فرانس کے لئے شاندار گول کیا اور ایک سخت مقابلہ میں  فرانس کو سخت کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کو 2-1 سے شکست دے کر عالمی کپ کے خطاب کے لئے امیدیں برقرار رکھیں ۔ میچ کے 17 ویں منٹ میں فرانس کی جانب سے آرولین نے ایک شاندار گول کر کے فرانس کو بڑھت دلا دی ۔ اس کے بعد  انگلینڈ کے کپتان ہیری کین نے 54 ویں منٹ میں بکائیو ساکا پر فرانسیسی مڈفیلڈر کی طرف سے فاؤل کرنے کے بعد پنالٹی سے برابری کر دی۔لیکن ہیری کین نے میچ ختم ہونے سے چھہ منٹ پہلے ایک پنالٹی باہر مار دی اور ایک بار پھر برابری کا موقع گنوا دیا ۔ اب سیمی فائنل میں فرانس کا مقابلہ مراکش سے ہو گا۔


 فیفا عالمی کپ 2022 کے کواٹر فائنل مقابلہ میں  مراکش نےيوسف النصيري کے شاندار گول کی بدولت  پرتگال کو صفر  کے مقابلے ایک گول سے شکست دے کر فیفا عالمی کپ 2022 کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ الثمامہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں یوسف نے 42ویں منٹ میں گول کیا اور مراکش عالمی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی افریقی ٹیم بن گئی۔

پہلے ہاف میں ایک گول سے پیچھے رہنے کے بعد پرتگال نے دوسرے ہاف میں کئی مواقع پیدا کیے لیکن مراکش کے گول کیپر یاسین بونو نے گیند کو نیٹ تک نہیں پہنچنے دیا۔ اس شکست کے ساتھ ہی کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب بھی چکنا چور ہو گیا ہے۔ فتح کا پرچم لہرا کر سیمی فائنل میں پہنچنے والے مراکش کا فائنل میں جگہ بنانے کے لیے اب فرانس سے مقابلہ ہوگا۔


پرتگال نے 16 سال بعد سیمی فائنل میں پہنچنے کے ہدف کے ساتھ میچ کا آغاز کیا، حالانکہ رونالڈو کو ایک بار پھر ابتدائی الیون سے باہر رکھا  گیا تھا۔بطور ٹیم مراکش نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدا میں  مواقع پیدا کیے اور پہلے ہاف کے اختتام سے پہلے ہی کامیابی حاصل کی۔ يحيى عطية الله نے بائیں طرف سے نیٹ کی طرف نشانہ لگایا ۔ گیند پرتگال کے گول کیپر ڈیاگو کوسٹا کے ہاتھ میں جارہی تھی لیکن یوسف نے تقریباً آٹھ فٹ لمبی چھلانگ لگا کر شاندار ہیڈر مارا اور مراکش کوایک گول کی برتری دلادی۔

يوسف النصيري کا گول فیصلہ کن ثابت ہوا کیونکہ پرتگال کا کوئی کھلاڑی مراکش کے دفاع کو  نہ توڑ سکا۔ پرتگال نے پہلے ہاف میں پیچھے رہنے کے بعد 52ویں منٹ میں رونالڈو کو متبادل کے طور پر اتارا ۔ رونالڈو نے میچ کے 83ویں منٹ میں اپنی ٹیم کے لیے ایک موقع بھی پیدا کیا۔ فیلکس نے رونالڈو سے پاس لے کر گول پر نشانہ لگایا لیکن بونو نے بائیں طرف چھلانگ لگاکر گول نہیں ہونے دیا۔ پیپے نے انجری ٹائم کے ساتویں منٹ میں پرتگال کے لئے آخری کوشش کی لیکن ان کا نشانہ چوک گیا اور پرتگال عالمی کپ سے باہر ہوگئی۔


مراکش فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی افریقی ٹیم ہے جو سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔ اس سے قبل کیمرون (1990)، سینیگل (2002) اور گھانا (2010) کوارٹر فائنل سے آگے نہیں بڑھ سکی تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔