جے ای ای-نیٹ: راہل-پرینکا کا مرکز پر حملہ، ادھیر کا بھی امتحان ملتوی کرنے کا مطالبہ

راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ آج ہمارے لاکھوں طلباء حکومت سے کچھ کہہ رہے ہیں۔ جے ای ای، نیٹ امتحان کے بارے میں ان کی بات کو سنا جانا چاہیے اور حکومت کو اس معاملہ میں بامقصد حل تلاش کرنا چاہیے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس کے یومیہ اعداد و شمار خوفناک جہاں خوفناک صورتحال اختیار کر رہے ہیں وہیں دوسری طرف مرکز میں بیٹھی مودی حکومت طلباء کی زندگیوں سے کھلواڑ کرنے پر آمادہ ہے اور جے ای ای (مینز) 2020 اور نیٹ (این ای ای ٹی) کے امتحانات کرانے جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں ان امتحانات کو ملتوی کرانے کے مطالبہ کی عرضی سپریم کورٹ میں دائر کی گئی تھی، لیکن عدالت نے اس اپیل کو مسترد کر دیا۔

اس کے بعد قومی جانچ ایجنسی این ٹی اے نے مختلف امتحانات کی تاریخیں جاری کر دی۔ حزب اختلاف نے حوالہ سے حکومت کو ہدف تنقید بنایا اور طلبہ کے حق میں امتحان ملتوی کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔ کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے حکومت سے طلباء کے دل کی بات سننے کی اپیل کی ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ آج ہمارے لاکھوں طلباء حکومت سے کچھ کہہ رہے ہیں۔ جے ای ای، نیٹ امتحان کے بارے میں ان کی بات کو سنا جانا چاہیے اور حکومت کو اس معاملہ میں بامقصد حل تلاش کرنا چاہیے۔


راہل گاندھی کے بعد پارٹی کے جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی حکومت اور جانچ ایجنسی سے اس فیصلے پر از سر نو غور کرنے کو کہا۔ پرینکا گاندھی نے ٹویٹ میں لکھا، کورونا کے حوالے سے ملک میں حالات ابھی معمول پر نہیں ہیں۔ ایسی صورتحال میں اگر این ای ای ٹی اور جے ای ای کا امتحانات دینے والے طلباء اور ان کے والدین نے کچھ تشویش کا اظہار کیا ہے، تو حکومت ہند اور امتحان کرانے والے اداروں کو اس پر مثبت نظریہ کے ساتھ غور کرنا چاہیے۔

راہل اور پرینکا گاندھی کی اس اپیل کے بعد لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ اور کانگریس کے سینئر لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے وزیر اعظم نریندر مودی کو جے ای ای اور این ای ای ٹی کا امتحان ملتوی کرنے کے لئے ایک خط لکھا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کووڈ- 19 کی صورتحال مستحکم ہونے تک ٹیسٹ ملتوی کر دیا جانا چاہیے۔ اپوزیشن لیڈر نے خط میں لکھا، ’’طلباء اس بات پر سخت ذہنی دباؤ میں ہیں کہ وہ امتحان میں شرکت کرنے سے انفیکشن سے کس طرح بچ سکیں گے۔‘‘


واضح رہے کہ طلباء کی اپیل اور حزب اختلاف کے مستقل دباؤ کے بعد یہ امتحانات اس سے قبل دو مرتبہ ملتوی کئیے جا چکے ہیں۔ یہ امتحان سب سے پہلے 03 مئی 2020 کو ہونا تھا لیکن کورونا کی وبا کے پیش نظر اور لاک ڈاؤن نافذ ہونے کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا۔ اس کے بعد امتحانات کے لئے 25 جولائی 2020 کی تاریخ طے کی گئی تھی لیکن کورونا کے بڑھتے انفیکشن کے بیچ امیدواروں، والدین اور حزب اختلاف کی مخالفت کے سبب امتحان دوبارہ ملتوی کر دیئے گئے۔

بعد ازاں، ان امتحانات کے لئے 13 ستمبر 2020 کی تاریخ مقرر کی گئی ہے اور اب بھی کورونا کی وجہ سے حالات معمول پر نہ ہونے کے سبب انہیں ملتوی کیے جانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ اس بار این ای ای ٹی (یو جی) 2020 کے امتحان کے لئے مجموعی طور پر 15 لاکھ 97 ہزار 433 امیدواروں نے اپنا اندراج کرایا ہے۔ جبکہ جے ای ای مینز (اپریل) کا امتحان بھی یکم ستمبر 2020 سے 06 ستمبر 2020 کے درمیان کرایا جانا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔