جرمنی، مسافر کے سامان میں سے بلی کے بچے برآمد

جرمن قانون کے تحت کم عمر جانوروں کو ملک میں لانے پر پابندی عائد ہے اور یہاں لائے جانے والے جانوروں کی ویکسینیشن کرانا بھی لازمی ہے۔

جرمنی، مسافر کے سامان میں سے بلی کے بچے برآمد
جرمنی، مسافر کے سامان میں سے بلی کے بچے برآمد
user

Dw

پولیس کے مطابق حکام کو ایک بس میں موجود سامان میں سے بلی کے بچوں کے رونے کی آوازیں آئیں، جس کے بعد معلوم ہوا کہ ان بلونگڑوں کو مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے جرمنی لایا گیا ہے۔جرمن پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک کارروائی کے دوران جرمنی اور چیک ریپبلک کی سرحد کے ذریعے اٹھارہ بلونگڑوں کے مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے جرمنی میں لائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

بیان کے مطابق یہ کارروائی جرمن ریاست باویریا کے شہر وائڈ ہاؤس کے قریب A6 موٹر وے پر تعینات افسران کو ایک بس میں موجود سامان میں سے بلی کے بچوں کی رونے کی آوازیں سنائی دینے کے بعد کی گئی۔ ان افسران نے جب بس کی تلاشی لی تو انہیں چھ ڈبوں میں اٹھارہ بلونگڑے ملے، جن کی عمر بارہ ہفتے ہے۔


پولیس نے بتایا ہے کہ ان بلی کے بچوں کو جانوروں کو پناہ فراہم کرنے والے ایک ادارے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان بلی کے بچوں کو جرمنی لانے والے شخص، جس کی عمر 37 سال ہے، کے خلاف فراڈ اور جانوروں کی صحت سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم بلی کے بچوں کو لے کر جمعرات کی شام جرمنی پہنچا تھا اور یہاں اس نے ان کی ویکسینیشن کے جعلی ریکارڈ دکھائے۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ ملزم نے حکام کو بتایا ہے کہ وہ ان بلی کے بچوں کو پیرس لے جانا چاہتا تھا۔ جرمن قانون کے تحت کم عمر جانوروں کو ملک میں لانے پر پابندی عائد ہے اور یہاں لائے جانے والے جانوروں کی ویکسینیشن کرانا بھی لازمی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔