’خمیازہ بھگتنا پڑے گا‘، ایشیا کپ ٹرافی اب تک ہندوستان کے حوالہ نہیں کرنے والے محسن نقوی کو بی سی سی آئی نے لکھا خط
بی سی سی آئی سکریٹری دیوجیت سیکیا نے کہا کہ محسن نقوی نے اگر ٹرافی معاملے میں کوئی مثبت جواب نہیں دیا، تو پھر بی سی سی آئی کارروائی کے لیے اسٹیپ بائی اسٹیپ قدم بڑھائے گا۔

ہندوستانی ٹیم ’ایشیا کپ 2025‘ کی چمپئن ضرور بن گئی ہے، لیکن اسے اب تک ٹرافی ہاتھ نہیں لگی ہے۔ ٹرافی اے سی سی چیف محسن نقوی نے اپنے دفتر میں رکھا ہوا ہے، اور سبھی سے یہ بھی کہہ دیا ہے کہ بغیر ان کی اجازت یہ ٹرافی کسی کو نہ دی جائے۔ اب اس معاملے میں بی سی سی آئی نے سخت رخ اختیار کر لیا ہے۔ تازہ ترین اطلاع کے مطابق بی سی سی آئی نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے چیئرمین محسن نقوی کو خط لکھ کر انھیں ’خمیازہ بھگتنے‘ کی تنبیہ دی ہے۔
بی سی سی آئی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ محسن نقوی نے اگر ایشیا کپ کی ٹرافی ہندوستان کو نہیں سونپی، تو انھیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ اس سلسلے میں ’انڈیا ٹوڈے‘ سے خصوصی بات چیت میں بی سی سی آئی سکریٹری دیوجیت سیکیا نے کچھ اہم جانکاری دی۔ انھوں نے کہا کہ محسن نقوی نے اگر ٹرافی معاملے میں کوئی مثبت جواب نہیں دیا، تو پھر بی سی سی آئی کارروائی کے لیے اسٹیپ بائی اسٹیپ قدم بڑھائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی ٹیم نے گزشتہ 28 ستمبر کو کھیلے گئے فائنل مقابلے میں پاکستان کو شکست دے کر ’ایشیا کپ 2025‘ کا خطاب جیتا تھا۔ ہندوستان نے فائنل میں پاکستان کو 5 وکٹ سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد پریزنٹیشن کے دوران ہندوستانی کپتان سوریہ کمار یادو نے پی سی بی اور اے سی سی چیف محسن نقوی سے ٹرافی قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ محسن نقوی وہاں سے ایشیا کپ کی ٹرافی لے کر چلے گئے۔ تب سے ہی ایشیا کپ ٹرافی سرخیوں میں ہے۔ بی سی سی آئی کی طرف سے کئی بار یہ کوشش کی گئی کہ محسن نقوی ٹرافی کو ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے حوالے کر دیں، یا پھر کسی دوسرے ذریعہ سے ٹرافی بھیجیں، لیکن محسن نقوی بھی بضد ہیں کہ ہندوستان کو ٹرافی ان کے ہاتھوں سے ہی لینا ہوگا۔ اب اس تعلق سے بی سی سی آئی نے سخت رخ اختیار کرتے ہوئے اصول و ضوابط کو پیش نظر رکھتے ہوئے خط لکھا ہے، اور جلد ہی مزید پیش رفت کی بھی امید ہے۔