ڈبلیو ٹی سی فائنل: بارش بنی دشمن، پہلا سیشن ضائع، ٹاس کو لے کر کشمکش!

ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ساؤتھمپٹن میں عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ کا فائنل میچ آج سے کھیلا جانا ہے، لیکن بارش کی وجہ سے پہلا سیشن بے کار ہو گیا ہے۔ خراب موسم کی وجہ سے اب تک ٹاس بھی نہیں ہو سکا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

جس عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل کا کرکٹ شیدائیوں کو بے صبری سے انتظار تھا، وہ دن تو آ گیا، لیکن اب تک کھیل شروع نہیں ہو پانے سے لوگوں میں مایوسی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ دراصل صبح سے ہی بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے کھیل شروع ہونا تو دور، ٹاس تک نہیں ہو سکا ہے۔ ٹاس کو لے کر کشمکش جاری ہے کہ آخر یہ کب ہوگا۔ لوگ انتظار کر رہے ہیں کہ موسم کچھ بہتر ہو تاکہ ٹاس کا مرحلہ طے پائے اور ٹیسٹ چمپئن شپ کے پہلے فائنل کا آغاز ہو۔

ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ڈبلیو ٹی سی فائنل کے پہلے ہی دن صبح سے ہونے والی بارش کی وجہ سے پہلے سیشن کا کھیل ضائع ہو چکا ہے جس سے نہ صرف کرکٹ شیدائی بلکہ ساؤتھمپٹن میں اسٹیڈیم اہلکاروں سے لے کر کرکٹروں اور کمنٹیٹرس تک مایوس ہیں اور جلد موسم بہتر ہونے کی دعا کر رہے ہیں۔ حالانکہ بارش بہت تیز نہیں ہے، لیکن رک رک کر ہو رہی بارش کے سبب کھیل متاثر ہوا ہے اور ایسا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پورے دن اسی طرح بارش ہوتی رہے گی۔


یہاں قابل ذکر ہے کہ ماہرین ماحولیات میچ کے پہلے دن 80 فیصد بارش اور طوفان کا امکان ظاہر کر چکے تھے، اس لیے اب ایسا لگتا ہے جیسے پہلا دن بارش کی نذر ہو جائے گی۔ حالانکہ عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ فائنل میچ کے لیے ایک ریزرو دن رکھا گیا ہے، لیکن آنے والے پانچ دنوں میں موسم اچھا رہے، ایسی امید کم ہی نظر آ رہی ہے۔ بہر حال، ہندوستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پوری طرح تیار ہیں، جیسے ہی حالات سازگار ہوں گے، وہ پہلے ڈبلیو ٹی سی فاتح کے لیے جنگ شروع کر دیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔