ڈبلیو ٹی سی فائنل: دوسرے دن ’خراب روشنی‘ بنی دشمن، ہندوستان کا اسکور 146/3

ہندوستان کی پوزیشن اس وقت مستحکم ہے کیونکہ ٹیم کا اسکور 146 رن پر 3 وکٹ ہے۔ کپتان وراٹ کوہلی 44 رن بنا کر اور نائب کپتان اجنکیا رہانے 29 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

پہلے دن جہاں بارش نے ڈبلیو ٹی سی (عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ) فائنل میچ کو پوری طرح دھو ڈالا تھا، وہیں دوسرے دن خراب روشنی نے کئی بار کھیل میں رخنہ ڈالا اور آخر میں جب آج کا کھیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا تو محض 64.4 اوور ہی پھینکے جا سکے تھے۔ اچھی بات یہ ہے کہ ہندوستان کی پوزیشن اس وقت مستحکم ہے کیونکہ ٹیم کا اسکور اس وقت 146 رن پر 3 وکٹ ہے۔ کپتان وراٹ کوہلی 44 رن بنا کر اور نائب کپتان اجنکیا رہانے 29 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔

آج صبح میچ اپنے مقررہ وقت پر شروع ہوا اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر وراٹ کوہلی کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ گیندبازوں کے لیے اچھی کہی جانے والی ساؤتھمپٹن کی پچ پر ہندوستان کے سلامی بلے بازوں روہت شرما اور شبمن گل نے بہترین شروعات دی اور بغیر کوئی وکٹ گنوائے ٹیم کا اسکور 50 رن کے پار پہنچا دیا۔ لیکن جب ٹیم کا اسکور 62 رن تھا تو جیمسن کی ایک باہر جاتی ہوئی گیند پر روہت شرما تیسری سلپ میں کھڑے ٹم ساؤتھی کو کیچ تھما بیٹھے۔ روہت شرما نے 34 رن کا تعاون پیش کیا۔ ان کے آؤٹ کے کچھ ہی دیر بعد دوسرے سلامی بلے باز شبمن گل بھی 28 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ شبمن گل کو واگنر نے وکٹ کیپر وٹلنگ کے ہاتھوں کیچ کرایا اور اس وقت ہندوستانی ٹیم کا اسکور 63 رن تھا۔ تیسرے نمبر پر بلے بازی کرنے آئے چیتیشور پجارا سے کافی امیدیں تھیں اور وہ بہت سنبھل کر کھیل بھی رہے تھے، لیکن ٹرینٹ بولٹ کی ایک تیز گیند کو وہ کھیل نہیں سکے اور ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 54 گیندوں پر 8 رن بنائے اور یہ رن 2 چوکوں کے ذریعہ بنے۔ گویا کہ 52 گیندوں پر چیتیشور پجارا نے کوئی رن نہیں بنایا۔


بہر حال، چوتھے نمبر پر بلے بازی کرنے اترے کپتان کوہلی اور پانچویں نمبر پر آئے نائب کپتان اجنکیا رہانے نے اس کے بعد کوئی وکٹ نہیں گرنے دیا اور سنبھل کر کھیلتے ہوئے ٹیم کا اسکور دھیرے دھیرے آگے بڑھاتے رہے۔ دونوں نے دوڑ کر رن لینے کو زیادہ ترجیح دی کیونکہ آؤٹ فیلڈ کافی دھیما تھا اور باؤنڈری تک کم ہی گیندیں پہنچ پا رہی تھیں۔ آج کا کھیل ختم ہونے تک کپتان کوہلی نے ایک چوکے کی مدد سے 124 گیندوں پر 44 رن بنائے، جب کہ اجنکیا رہانے نے 4 چوکے کی مدد سے 79 گیندوں پر 29 رن بنائے۔

جہاں تک نیوزی لینڈ کی گیندبازی کا سوال ہے، کائل جیمیسن سب سے خطرناک نظر آ رہے تھے جنھوں نے 14 اوور میں محض 14 رن دے کر روہت شرما کا اہم ترین وکٹ حاصل کیا۔ ٹرینٹ بولٹ نے 12.4 اوور میں 32 رن دے کر ایک وکٹ، اور نیل ویگنر نے 10 اوور میں 28 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ ٹم ساؤتھی اور کولن ڈی گرینڈہوم کو کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */