یوم پیدائش پر ڈھیر ساری نیک خواہشات موصول ہونے پر راہل گاندھی نے کہا ’شکریہ‘

راجدھانی دہلی سمیت ملک کی مختلف ریاستوں میں کانگریس لیڈران و کارکنان نے ایک طرف راہل گاندھی کے یوم پیدائش پر ضرورت مندوں کی امداد کی، اور دوسری طرف این ایس یو آئی نے مفت ٹیکہ کاری کیمپ منعقد کیا۔

راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
user

تنویر

راہل گاندھی آج 51 سال کے ہو گئے اور اس موقع پر انھیں بے شمار سیاسی و غیر سیاسی ہستیوں نے مبارکباد و نیک خواہشات پیش کیں۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کو نیک خواہشات پیش کرنے والوں میں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، مرکزی وزیر نتن گڈکری، سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیو گوڑا، دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان جیسی سیاسی ہستیوں کے نام شامل ہیں۔ ان کے علاوہ کانگریس کے متعدد سرکردہ لیڈران و کارکنان نے انھیں مبارکباد پیش کی۔ ان مبارکبادیوں اور نیک خواہشات کے لیے راہل گاندھی نے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے۔ اس میں انھوں نے لکھا ہے ’’آپ سبھی کی نیک خواہشات کا شکریہ۔ کانگریس فیملی جو محبت، دعائیں اور حمایت دیتی ہے، اس کے لیے ہمیشہ مشکور ہوں۔‘‘

یہاں قابل ذکر ہے کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کورونا وبا اور ملک کے سامنے پیش مشکل حالات کی وجہ سے اپنا یوم پیدائش نہیں منانے کا فیصلہ کیا تھا۔ انھوں نے اس کی جگہ پارٹی کارکنوں سے راحتی کاموں میں مصروف رہنے کی درخواست کی تھی۔ اس کے پیش نظر مختلف ریاستوں میں کانگریس لیڈران و کارکنان نے ضرورت مندوں کے درمیان راحتی اشیاء کی تقسیم کی۔ دہلی میں پردیش کانگریس صدر چودھری انل کمار نے بھی اس موقع پر بلائنڈ یونیورسٹی، پنچکوئیاں روڈ کے طلبا سے ملاقات کی اور انھیں پھلوں کے پیکٹ، میڈیکل کِٹ، کھانے کے پیکیٹ کے ساتھ ساتھ کپڑے بھی بطور تحائف پیش کیے۔


یوم پیدائش پر ڈھیر ساری نیک خواہشات موصول ہونے پر راہل گاندھی نے کہا ’شکریہ‘

چودھری انل کمار نے کہا کہ ’’غریبوں، مزدوروں، مجبوروں اور بے سہارا لوگوں کی خدمت کرنا کانگریس پارٹی کی روایت رہی ہے، اور اس مشکل وقت میں پارٹی کا ہر لیڈر اور رکن ضرورت مندوں کے ساتھ ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’کانگریس کارکنان نے راہل جی کے یوم پیدائش پر لوگوں کی خدمت کا کام انجام دیا۔ دہلی بھر میں کانگریس کارکنوں نے لوگوں کے درمیان خشک راشن، پکا ہوا کھانا، ماسک، میڈیکل کِٹ اور کووڈ مریضوں کے کے درمیان دیگر زندگی بخش دوائیں و دیگر اشیاء تقسیم کیں۔‘‘

این ایس یو آئی (نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا) نے راہل گاندھی کے یوم پیدائش پر مفت ٹیکہ کاری کیمپ کا انعقاد کیا۔ یہ انعقاد این ایس یو آئی دہلی کے صدر کنال سہراوت اور دہلی انچارج نتیش گوڑ نے قومی صدر نیرج کندن کی قیادت میں دہلی ہیڈکوارٹر میں کیا جہاں بڑی تعداد کورونا ٹیکہ لگانے کے لیے پہنچے۔ اس مہم میں اے آئی سی سی (آل انڈیا کانگریس کمیٹی) کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے بھی حصہ لیا اور کہا کہ ’’ٹیکہ کاری وقت کا مطالبہ ہے اور حکومت کو جلد از جلد ملک کے لوگوں کو ٹیکہ لگانے کے منصوبے پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔‘‘ انھوں ے مزید کہا کہ کووڈ سے لڑنے کا واحد طریقہ ٹیکہ کاری ہے۔ طلبا کو ٹیکہ کاری میں ترجیح دی جانی چاہیے تاکہ وہ جلد از جلد اپنے اسکولوں اور کالجوں کی طرف لوٹ سکیں۔

یوم پیدائش پر ڈھیر ساری نیک خواہشات موصول ہونے پر راہل گاندھی نے کہا ’شکریہ‘

این ایس یو آئی کے قومی صدر نیرج کندن نے اس موقع پر کہا کہ ’’ہمارے لیڈر راہل گاندھی جی کی ہدایت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے انسانیت کے جذبہ کو بالاتر رکھا اور ان کے یوم پیدائش پر لوگوں کے درمیان ایک پیغام دیا۔ ہمارے لیڈر راہل جی نے وقت وقت پر مرکزی حکومت کو اس ملک کے لوگوں کی مکمل ٹیکہ کاری کا مشورہ دیا ہے، اور ہم نے اسی پیغام کو عام کرنے کے لیے مفت ٹیکہ کاری کیمپ کا انعقاد کیا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔