ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ: فائنل میچ کے لیے تاریخ کا اعلان، لندن کے ’دی اوول‘ میں ہوگی بادشاہت کی جنگ!

ڈبلیو ٹی سی فائنل کھیلنے کی دوڑ میں ہندوستان اور آسٹریلیا سب سے آگے ہیں، آسٹریلیا ڈبلیو ٹی سی رینکنگ میں 75.56 فیصد جیت کے ساتھ اول، جبکہ ہندوستانی ٹیم 58.93 فیصد جیت کے ساتھ دوسرے مقام پر قابض ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کرکٹ کے شیدائی طویل مدت سے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل میچ کی تاریخوں کا انتظار کر رہے تھے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 8 فروری کو ڈبلیو ٹی سی فائنل کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ میچ 7 سے 11 جون کے درمیان کھیلا جائے گا اور 12 جون کو ریزرو ڈے کی شکل میں رکھا گیا ہے۔ یہ بھی جانکاری دی گئی ہے کہ 23-2021 ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا فائنل میچ لندن کے ’دی اوول‘ میں کھیلا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ ڈبلیو ٹی سی کے پہلے سیزن کا فائنل میچ ساؤتھمپٹن میں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا تھا جس میں نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو 8 وکٹ سے شکست دے دی تھی۔

اس مرتبہ ڈبلیو ٹی سی فائنل کھیلنے کی دوڑ میں ہندوستان اور آسٹریلیا سب سے آگے ہیں۔ آسٹریلیا ڈبلیو ٹی سی رینکنگ میں 75.56 فیصد جیت کے ساتھ اول مقام پر ہے، جبکہ ہندوستانی ٹیم 58.93 فیصد جیت کے ساتھ دوسرے مقام پر قابض ہے۔ ایسے میں امید کی جا رہی ہے کہ ڈبلیو ٹی سی کا فائنل میچ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ لیکن اس کا دارومدار بارڈر-گواسکر ٹرافی میں کھیلے جانے والے میچ کے نتائج پر ہے۔


دراصل ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان 9 فروری سے بارڈر-گواسکر ٹرافی کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں 4 ٹیسٹ میچ کھیلیں گی اور ہندوستان کی کوشش رہے گی کہ وہ آسٹریلیا کو سیریز میں کم از کم 1-3 سے شکست دے، تاکہ ڈبلیو ٹی سی فائنل کھیلنے میں کوئی رخنہ پیدا نہ ہو۔ اگر ایسا نہیں ہوا تو ہندوستان کو سری لنکائی ٹیم سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جو اس وقت 53.33 فیصد جیت کے ساتھ ڈبلیو ٹی سی رینکنگ میں تیسرے مقام پر ہے اور وہ نیوزی لینڈ کے ساتھ 2 ٹیسٹ میچ کی سیریز کھیلنے والی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔