ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ فائنل: آئی سی سی ٹرافی کی خشک سالی ختم کرنے اترے گی ہندوستانی ٹیم، آسٹریلیا بھی تیار

روہت شرما کی کپتانی والی ہندوستانی ٹیم اس مرتبہ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ جیتنے کے لیے اپنا پورا زور لگائے گی، دراصل گزشتہ 10 سالوں سے ہندوستانی ٹیم کوئی آئی سی سی ٹرافی نہیں جیت پائی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>آئی سی سی عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

آئی سی سی عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ، تصویر آئی اے این ایس

user

تنویر

ہندوستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے دوسرے ایڈیشن میں خطابی مقابلہ کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ ٹیسٹ چمپئن شپ کا دوسرا فائنل 7 جون یعنی بدھ کے روز لندن کے ’دی اوول‘ میدان میں شروع ہوگا جو کہ 11 جون تک کھیلا جائے گا۔ 12 جون کو ایک ریزرو دن بھی رکھا گیا ہے تاکہ اگر بارش کا خلل پڑے تو خراب وقت کا ازالہ کیا جا سکے۔

روہت شرما کی کپتانی والی ہندوستانی ٹیم اس مرتبہ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ جیتنے کے لیے اپنا پورا زور لگائے گی۔ دراصل کئی سالوں سے ہندوستانی ٹیم کوئی آئی سی سی ٹرافی نہیں جیت پائی ہے۔ ٹرافی کے قریب پہنچ کر ہندوستانی ٹیم اس سے محروم رہ گئی ہے۔ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے پہلے ایڈیشن میں بھی فائنل میں ہندوستانی ٹیم کو نیوزی لینڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیکن اس مرتبہ ہندوستانی آسٹریلیا کو شکست دے کر آئی سی سی ٹرافی کی خشک سالی ختم کرنا چاہے گی۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان نے آخری بار آئی سی سی ٹرافی 2013 میں جیتی تھی، یعنی 10 سال میں ہندوستانی ٹیم ایک بھی آئی سی سی ٹرافی نہیں جیت پائی ہے۔


رواں عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ میں آسٹریلیا نے 19 ٹیسٹ میں 66.67 فیسد پوائنٹ کے ساتھ ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹیبل میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ ہندوستان نے حال ہی میں ختم ہوئی بارڈر-گواسکر ٹرافی میں کنگاروؤں کو 1-2 سے شکست دے کر ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹیبل میں دوسرا مقام حاصل کیا اور فائنل میں جگہ بنائی۔

بہرحال، ہندوستان اور آسٹریلیا کے لیے درمیان ڈبلیو ٹی سی فائنل مقابلہ مقامی وقت کے مطابق 11 بجے شروع ہوگا۔ ہندوستان میں اس وقت دوپہر کے 3.30 بج رہے ہوں گے۔ یعنی ہندوستان میں میچ 3.30 بجے سے شروع ہوگا جو رات تک چلے گا۔ ہندوستان میں اس فائنل میچ کا براہ راست نشریہ اسٹار اسپورٹس نیٹورک پر ہوگا۔ موبائل فون پر یہ میچ ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار ایپ پر دیکھا جا سکے گا۔ ڈبلیو ٹی سی فائنل کے لیے دونوں ٹیمیں اس طرح ہیں...


آسٹریلیا: پیٹ کمنس (کپتان)، اسکاٹ بولینڈ، الیکس کیری (وکٹ کیپر)، کیمرون گرین، مارکس ہیرس، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس (وکٹ کیپر)، عثمان خواجہ، مارنس لابوشین، ناتھن لیون، ٹوڈ مرفی، مائیکل نیسر، اسٹیو اسمتھ (نائب کپتان)، مشیل اسٹارک، ڈیوڈ وارنر۔

اسٹینڈ بائی کھلاڑی: مشیل مارش، میتھیو رینشا۔

ہندوستان: روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، چیتیشور پجارا، وراٹ کوہلی، اجنکیا رہانے، کے ایس بھرت (وکٹ کیپر)، روی چندرن اشون، رویندر جڈیجہ، اکشر پٹیل، شاردل ٹھاکر، محمد سمیع، محمد سراج، امیش یادو، جئے دیو انادکٹ، ایشان کشن۔

اسٹینڈ بائی کھلاڑی: یشسوی جیسوال، مکیش کمار، سوریہ کمار یادو۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔