ایک بار پھر ’رَن مشین‘ نظر آ رہے وراٹ کوہلی، 53ویں سنچری بنا کر تندولکر کا مزید ایک ریکارڈ کیا اپنے نام
کوہلی نے ونڈے میں 13ویں مرتبہ لگاتار 3 یا اس سے زیادہ بار 50 سے زائد رن بنایا۔ اس معاملے میں روہت شرما دوسرے مقام پر ہیں، جنھوں نے 11 مرتبہ ایسا کیا ہے۔ اس فہرست میں سچن تندولکر کو تیسرا مقام حاصل ہے۔

ہندوستانی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز وراٹ کوہلی ایک بار پھر پرانے رَنگ میں لوٹ چکے ہیں۔ وہ ’رن مشین‘ نظر آ رہے ہیں اور رانچی میں کھیلے گئے وَنڈے کے بعد آج رائے پور میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جا رہے دوسرے وَنڈے مقابلے میں بھی سنچری بنا کر وَنڈے عالمی کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم میں اپنی دعویداری مضبوط کر دی ہے۔
رائے پور میں کوہلی نے 93 گیندوں پر 102 رنوں کا اسکور کیا، اور اس سنچری کے ساتھ ہی انھوں نے کچھ اہم ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔ کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی جا رہی وَنڈے سیریز کے ابتدائی دونوں میچوں میں سنچری بنا کر لگاتار 3 یک روزہ میچوں میں 50 سے زائد رن بنانے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف شروع ہوئی وَنڈے سیریز سے قبل کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں ناٹ آؤٹ 74 رن بنائے تھے۔ یہ تیرہویں بار ہے جب انھوں نے وَنڈے میں لگاتار 3 یا اس سے زیادہ مرتبہ 50 سے زائد کا اسکور بنایا ہے۔ اس معاملے میں روہت شرما دوسرے مقام پر ہیں، جنھوں نے 11 بار ایسا کیا ہے۔ تیسرے مقام پر سچن تندولکر ہیں۔ انھوں نے لگاتار 3 یا اس سے زیادہ مرتبہ 50 سے زائد اسکور بنانے کا کارنامہ وَنڈے میں 10 مرتبہ کیا ہے۔
رائے پور میں کھیلی گئی 102 رنوں کی اننگ کے بعد کوہلی نے سچن تندولکر کے نام درج ایک اہم ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔ سچن نے بطور سلامی بلے باز 45 سنچری بنائی تھی اور کوہلی نے تیسرے نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے 46ویں سنچری بنائی ہے۔ یعنی کسی ایک بلے بازی پوزیشن پر سب سے زیادہ سنچری بنانے کا ریکارڈ اب وراٹ کوہلی کے نام درج ہو گیا ہے۔ مزید ایک کارنامہ کوہلی نے یہ انجام دیا ہے کہ وہ 11ویں مرتبہ لگاتار 2 یا اس سے زیادہ مقابلوں میں سنچری اسکور کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس معاملے میں کوئی ان کے قریب بھی موجود نہیں ہے۔ دوسرے مقام پر جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر اے بی ڈیویلیئرس ہیں، جنھوں نے 6 مرتبہ ایسا کیا تھا۔ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف کوہلی نے سنچری کی ہیٹ ٹرک بنا لی ہے۔ انھوں نے 2023 عالمی کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلتے ہوئے سنچری اسکور کیا تھا، اور اب رواں سیریز کے ابتدائی دونوں میچوں میں سنچری بنا ڈالی۔ مجموعی طور پر جنوبی افریقہ کے خلاف کوہلی نے یک روزہ کرکٹ میں 7 سنچری بنائی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔