وراٹ کوہلی ٹیسٹ کرکٹ میں ایک شاندار کھلاڑی ہیں: روہت شرما

روہت شرما نے ایک ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا، ’’یہ ویراٹ کے لیے ایک شاندار اور طویل سفر رہا ہے۔ وہ خاص طور پر اس فارمیٹ میں بہت اچھے رہے ہیں اور انہوں نے بہت سی چیزیں تبدیل کی ہیں۔

وراٹ کوہلی اور روہت شرما، تصویر آئی اے این ایس
وراٹ کوہلی اور روہت شرما، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

موہالی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ویراٹ کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ کھیل کے طویل ترین فارمیٹ میں بہت اچھے رہے ہیں، روہت نے میچ سے قبل جمعرات کو یہاں ایک ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا، ’’یہ ویراٹ کے لیے ایک شاندار اور طویل سفر رہا ہے۔ وہ خاص طور پر اس فارمیٹ میں بہت اچھے رہے ہیں اور انہوں نے بہت سی چیزیں تبدیل کی ہیں۔ یقیناً ان کا سفر اتار چڑھاؤ سے بھرا رہا ہے۔

روہت نے کوہلی کے ساتھ اپنے خاص لمحات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ "آسٹریلیا میں 2018 میں ہم نے جو سیریز جیتی وہ ایک یادگار لمحہ تھا۔ اس سے مزید بہترکی بات کروں تو بہترین لمحہ 2013 میں جنوبی افریقہ میں ویراٹ کوہلی کی ٹیسٹ سنچری تھی۔ یہ ایک چیلنجنگ پچ تھی اور ہمیں کرس مورس اور ڈیل اسٹین جیسے گیند بازوں کا سامنا کرنا تھا۔ یہ ان کی سب سے اچھی اننگ تھی، جو مجھے یاد ہے۔


تجربہ کار بلے باز اجنکیا رہانے اور چیتشور پجارا کے ٹیسٹ مستقبل کے بارے میں پوچھے جانے پر کپتان روہت نے کہا، ’’پجارا اور رہانے کی جگہ بھرنا بہت مشکل چیلنج ہے۔ یہاں تک کہ میں نہیں جانتا کہ ان کی جگہ کون آ رہا ہے۔ آپ ان کی برسوں کی محنت اور شراکت کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتے۔ گزشتہ چند سالوں میں ہم نے غیر ملکی سرزمین پر جو سیریز جیتی ہیں اور جس کی وجہ سے ہندوستان نمبر ایک بنا ہے، ان میں رہانے اور پجارا نے ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہم ان پر نظر رکھیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ 33 سالہ کوہلی جمعہ کو یہاں پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کے آئی ایس بندرا اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف پہلے میچ میں اپنا 100 واں ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔ ان کے ساتھ روہت کے لیے بھی یہ ایک خاص موقع ہوگا، کیونکہ ٹیسٹ فارمیٹ میں وہ پہلی بار ہندوستان کی قیادت کریں گے۔ روہت نے اس بارے میں کہا کہ ’’ٹیسٹ میں بھی میری کپتانی کا اصول وہی رہے گا۔ حال میں رہنا، حالات کا تجزیہ کرنا اور پھر رد عمل دینا۔ بہت آگے کی نہیں سوچنا چاہتا۔ ہم سب جانتے ہیں کہ یہ ایک مختلف فارمیٹ ہے۔ اس کا ون ڈے سے کوئی موازنہ نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔