دوبئی میں وراٹ کوہلی اور بابر اعظم کی ملاقات، دونوں نے کیا مصافحہ

ہندوستانی ٹیم نے بدھ کے روز سے ٹریننگ سیشن کا آغاز کر دیا، اس دوران ہاردک پانڈیا، یجویندر چہل، سوریہ کمار یادو، روی چندرن اشون، دنیش کارتک اور عرشدیپ سنگھ سمیت دیگر کھلاڑی بھی نظر آئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ایشیا کپ میں شامل ہونے والی کرکٹ ٹیمیں دوبئی پہنچ چکی ہیں۔ کھلاڑیوں نے پریکٹس سیشن بھی شروع کر دیا ہے۔ 27 اگست سے شروع ہونے والے ایشیا کپ کے پیش نظر ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں بھی دوبئی میں موجود ہیں۔ اس درمیان ہندوستان کے مایہ ناز بلے باز وراٹ کوہلی اور پاکستان کے کپتان بابر اعظم کی ملاقات کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ دونوں کی مصافحہ کرتے ہوئے تصویر بھی منظر عام پر آئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہندوستانی اور پاکستانی ٹیم کے کچھ دیگر کھلاڑی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی ٹیم نے بدھ کے روز سے ٹریننگ سیشن کا آغاز کر دیا ہے۔ ٹریننگ سیشن کی جو ویڈیوز سامنے آئی ہیں ان میں ہاردک پانڈیا، یجویندر چہل، سوریہ کمار یادو، روی چندرن اشون، دنیش کارتک اور عرشدیپ سنگھ سمیت دیگر کھلاڑی بھی نظر آئے۔ ٹورنامنٹ کے لیے وی وی ایس لکشمن کو عارضی کوچ بنایا گیا ہے۔ ان کی کوچنگ میں ہی ہندوستانی ٹیم نے آج ٹریننگ شروع کی۔ مستقل کوچ راہل دراوڑ جب کورونا سے ٹھیک ہو جائیں گے تو ٹیم کے ساتھ جڑیں گے۔ ٹریننگ سیشن کے دوران ہی وراٹ کوہلی کی بابر اعظم سے ملاقات، اور کچھ دیر بات بھی ہوئی۔


اس دوران وراٹ کوہلی کی ملاقات افغانستانی کرکٹر راشد خان سے بھی ہوئی جو آئی پی ایل میں بھی شامل ہوتے ہیں۔ راشد خان آئی پی ایل میں گجرات ٹائٹنس کی طرف سے کھیلتے ہیں جس کے کپتان ہاردک پانڈیا ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہاردک پانڈیا سے ان کی نزدیکی بھی دیکھنے کو ملی جب گراؤنڈ پر دونوں ہنسی مذاق اور بات چیت کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ بہرحال، اب سبھی کو انتظار 28 اگست کا ہے جب ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔