وراٹ نے اپنے یومِ پیدائش پر کیا کمال، سچن کی سب سے زیادہ وَنڈے سنچری کی برابری

سچن تندولکر نے اپنے وَنڈے کیریر میں 463 میچ کھیلے اور اس دوران 452 اننگز میں 18426 رن بنائے، جس میں 49 سنچری اور 96 نصف سنچری لگائی، وراٹ کوہلی نے 49ویں سنچری 277ویں اننگ میں لگائی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>وراٹ کوہلی، تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/sachin_rt">@sachin_rt</a></p></div>

وراٹ کوہلی، تصویر@sachin_rt

user

قومی آوازبیورو

ماڈرن ماسٹر کے نام سے مشہور وراٹ کوہلی نے وَنڈے کرکٹ میں ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر کی 49 سنچریوں کی آج برابری کر لی۔ گزشتہ کچھ میچوں میں وراٹ کوہلی سنچری کے قریب ضرور پہنچے تھے، لیکن سچن کے ریکارڈ کی برابری نہیں کر پائے تھے۔ آج جنوبی افریقہ کے خلاف ایڈن گارنڈن میں کھیلے جا رہے میچ میں انھوں نے 121 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 101 رن بنا کر کرکٹ شائقین کا انتظار ختم کر دیا اور اب انتظار ان کی 50ویں سنچری کا ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ سچن تندولکر نے وراٹ کوہلی کی تازہ سنچری کے بعد نہ صرف انھیں مبارکباد دی، بلکہ 50ویں سنچری جلد مکمل کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر دلچسپ انداز میں کیے گئے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے ’’بہت اچھا کھیلے وراٹ۔ رواں سال کے شروع (24 اپریل) میں مجھے 49 (سال) سے 50 (سال) تک پہنچنے میں 365 دن لگے تھے۔ مجھے امید ہے کہ آپ 49 (سنچری) سے 50 (سنچری) پر اگلے چند دنوں میں پہنچ جائیں گے اور میرا ریکارڈ توڑ دیں گے۔ مبارکباد۔‘‘ دراصل سچن تندولکر رواں سال اپریل میں 50 سال کے ہوئے ہیں جس کا تذکرہ انھوں نے اپنے پوسٹ میں کیا ہے۔


بہرحال، سچن تندولکر نے اپنے وَنڈے کیریر میں 463 میچ کھیلے۔ اس دوران 452 اننگز میں انھوں نے 18426 رن بنائے اور اوسط 44.83 کا رہا۔ سچن نے اپنے ونڈے کیریر میں مجموعی طور پر 49 سنچری اور 96 نصف سنچری بنائی ہے۔ جہاں تک وراٹ کوہلی کا سوال ہے، انھوں نے 277ویں اننگ میں 49ویں سنچری مکمل کی۔ تندولکر اور کوہلی کے بعد سب سے زیادہ وَنڈے سنچری لگانے والوں میں ہندوستانی کپتان روہت شرما ہیں۔ انھوں نے 259 میچوں کی 251 اننگز میں 31 سنچریاں لگائی ہیں۔ چوتھے نمبر پر آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ ہیں جنھوں نے 375 میچوں کی 365 اننگز میں 30 سنچریاں لگائی ہیں۔ گویا کہ وراٹ کوہلی اور روہت شرما وَنڈے کرکٹ میں 30 یا اس سے زیادہ سنچری لگانے والے ایسے دو کھلاڑی ہیں جو کھیل رہے ہیں اور ان کی سنچریوں کی تعداد مزید بڑھتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔