پاکستانی فضائی حملے میں تین افغان کرکٹروں کی موت، افغانستان کا سہ رخی ٹی-20 سیریز سے دستبرداری کا اعلان

پاکستان کے فضائی حملے میں صوبہ پکتیکا میں تین کرکٹروں سمیت آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے۔ افغان کرکٹ بورڈ نے اس سانحے پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے سہ رخی ٹی 20 سیریز سے دستبرداری کا اعلان کیا

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ ایکس /&nbsp; @ACBofficials</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

کابل: پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی کشیدگی ایک بار پھر خطرناک موڑ پر پہنچ گئی ہے۔ جمعہ کی رات پکتیکا صوبے کے ارگون ضلع میں پاکستانی فضائی حملے کے نتیجے میں تین افغان کرکٹروں سمیت آٹھ شہری جاں بحق ہو گئے، جب کہ سات دیگر زخمی ہوئے۔ اس المناک واقعے کے بعد افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے پاکستان اور سری لنکا کے ساتھ ہونے والی آئندہ سہ رخی ٹی 20 سیریز سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے۔

افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق جاں بحق ہونے والے کھلاڑیوں میں کبیر، صبغت اللہ اور ہارون شامل ہیں، جو پکتیکا کی راجدھانی شرنہ میں ایک دوستانہ کرکٹ میچ کھیلنے کے بعد اپنے آبائی علاقے ارگون واپس لوٹے تھے۔ مقامی ذرائع کے مطابق وہ ایک عوامی اجتماع میں شریک تھے جب پاکستانی طیاروں نے بمباری کی۔

افغانستان کرکٹ بورڈ نے اپنے سرکاری بیان میں کہا، ’’ہم پکتیکا صوبے کے بہادر کرکٹروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ یہ واقعہ افغانستان کے کھیلوں کے حلقے اور پورے کرکٹ خاندان کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔‘‘


بیان میں مزید کہا گیا، ’’اس المناک حملے میں تین کھلاڑیوں سمیت پانچ دیگر شہری شہید ہوئے اور سات زخمی ہوئے۔ اللہ سبحان و تعالی شہیدوں کو جنت میں بلند مقام عطا کرے، زخمیوں کو شفایابی دے اور ان کے اہل خانہ کو صبر و استقامت عطا فرمائے۔‘‘

ذرائع کے مطابق پاکستان نے ڈورنڈ لائن کے قریب پکتیکا کے مختلف علاقوں میں فضائی کارروائی کی، جسے طالبان حکومت نے جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان بدھ کو 48 گھنٹے کے سیز فائر پر اتفاق ہوا تھا، مگر چند ہی گھنٹوں بعد یہ حملہ کیا گیا۔

افغان حکومت کے ترجمان نے الزام لگایا کہ پاکستان نے دوستی اور ہمسائیگی کے اصولوں کو پامال کیا ہے، جبکہ افغان عوام نے سوشل میڈیا پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ پکتیکا کے مقامی باشندوں نے جاں بحق کرکٹروں کو قوم کے فخر قرار دیتے ہوئے ان کے لیے اجتماعی دعائیں کیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گزشتہ ماہ سہ رخی ٹی 20 سیریز کا اعلان کیا تھا، جس میں افغانستان اور سری لنکا کو شرکت کرنا تھی۔ یہ مقابلے 17 سے 29 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں ہونے تھے۔ تاہم، افغان بورڈ نے تازہ حالات کے پیش نظر اس سیریز میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


یہ 2025 میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوسرا سہ رخی ٹورنامنٹ ہوتا، پہلا یو اے ای میں ایشیا کپ سے چند دن قبل مکمل ہوا تھا۔ افغان کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ وہ اپنے کھلاڑیوں اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور عالمی اداروں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس حملے کی آزادانہ تحقیقات کرائیں۔

افغانستان میں کھیلوں کے حلقے اسے نہ صرف انسانی سانحہ بلکہ قومی غیرت کا مسئلہ قرار دے رہے ہیں، جبکہ پاکستان کی جانب سے اب تک اس واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔