تاریخ رقم نہیں کر پائی ہندوستانی ٹیم، جنوبی افریقہ کا سیریز پر 1-2 سے قبضہ

میزبان ٹیم نے 212 رن کے ہدف کے تعاقب کو تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا اور ٹیم انڈیا کو ایک بار پھر مایوسی ہاتھ لگی، ہندوستانی گیند بازوں نے ٹیم کو مایوس کیا اور وہ مطلوبہ وکٹیں حاصل نہ کر سکیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کیپ ٹاؤن: مڈل آرڈر بلے باز کیگن پیٹرسن (82) اور ریسی وان ڈیر ڈوسن (ناٹ آؤٹ 41) کی شاندار نصف سنچری شراکت داری سے جنوبی افریقہ نے ہندوستان کے خلاف تیسرے اور آخری فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن لنچ کے بعد سات وکٹ سے جیت حاصل کر کے سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

میزبان ٹیم نے 212 رن کے ہدف کے تعاقب کو تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا اور ٹیم انڈیا کو ایک بار پھر مایوسی ہاتھ لگی۔ ہندوستانی گیند بازوں نے ٹیم کو مایوس کیا اور وہ مطلوبہ وکٹیں حاصل نہ کر سکیں۔ جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد جس انداز میں شاندار واپسی کی وہ قابل تعریف ہے اور اس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوہانسبرگ میں چوتھی اننگز میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے برابری کی اور یہاں کیپ ٹاؤن میں اپنی جیت پر مہر ثبت کی۔ جنوبی افریقہ نے سپر اسٹار کھلاڑیوں کی غیر موجودگی میں بھی بطور ٹیم شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک بار پھر ہندوستان کو سیریز جیتنے سے محروم رکھا۔


اس میچ میں 212 رن کا ہدف اس پچ پر مشکل ہونے والا تھا۔ ہندوستان نے ابتدائی جھٹکا دے کر اچھی شروعات کی تھی لیکن دوسرے وکٹ کے لیے ایلگر اور کیگن پیٹرسن کی شاندار شراکت داری نے ٹیم انڈیا پر دباؤ بنایا۔ ریویو نے بھی ہندوستان کا ساتھ نہیں دیا اور پیٹرسن اور ون ڈیر ڈوسن نے اسکور کو مزید آگے بڑھایا۔ پیٹرسن بھلے ہی اپنی سنچری مکمل نہیں کر سکے لیکن انہوں نے سیریز جیتنے کی مضبوط بنیاد رکھی اور بووما نے اپنے شاندار شاٹ سے ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا۔

ہندوستانی گیند بازوں نے وکٹ لینے کی بہت کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے۔ اس کے علاوہ آسانی سے رن دینا اور ناقص فیلڈنگ نے بھی شائقین کو مایوس کیا۔ آخر کار کپتان کوہلی کی اس ٹیسٹ ٹیم کو خالی ہاتھ وطن لوٹنا پڑے گا۔ تاہم ٹیم نے ایک میچ جیت کر عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل کے لیے کچھ اہم پوائنٹس ضرور حاصل کر لیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔