تندولکر اور یووراج ایک بار پھر کرکٹ کے میدان پر ساتھ آئیں گے نظر، کل ہندوستان کا مقابلہ سری لنکا سے

انٹرنیشنل ماسٹرس لیگ میں 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ یہ ٹیمیں ہیں ہندوستان، سری لنکا، آسٹریلیا، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ۔

<div class="paragraphs"><p>سچن تندولکر کی فائل تصویر، سوشل میڈیا</p></div>

سچن تندولکر کی فائل تصویر، سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

ایک طرف ’چمپئنز ٹرافی 2025‘ شروع ہو چکا ہے جس میں ہندوستانی ٹیم آئندہ اتوار کو پاکستان سے میچ کھیلنے والی ہے۔ دوسری طرف کرکٹ شیدائیوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری یہ ہے کہ ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر اور مایہ ناز آل راؤنڈر یووراج سنگھ ایک بار پھر کرکٹ کے میدان پر ساتھ میں ہندوستانی ٹیم کے لیے کھیلتے نظر آنے والے ہیں۔ یہ دونوں ہی کھلاڑی 22 مارچ (ہفتہ) یعنی کل ممبئی میں سری لنکا کے خلاف انٹرنیشنل ماسٹرس لیگ کے افتتاحی میچ میں ایک بار پھر ہندوستان کی مشہور نیلی جرسی پہن کر میدان میں اتریں گے۔

اس ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ یہ ٹیمیں ہیں ہندوستان، سری لنکا، آسٹریلیا، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ۔ سبھی ٹیم میں کرکٹ کے کچھ بڑے اسٹار شامل ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کے مقابلے نوی ممبئی، وڈودرا اور رائے پور میں کھیلے جائیں گے۔ فائنل مقابلہ مارچ کو رائے پور میں دیکھنے کو ملے گا۔


انٹرنیشنل کرکٹ میں 34 ہزار سے زائد رن اور 100 سنچری بنانے والے ہر دلعزیز کرکٹر سچن تندولکر نے کھیل کے ہر فارمیٹ میں اپنا رتبہ بنایا ہے۔ حالانکہ ہندوستان کے لیے وہ صرف ایک ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلے، لیکن آئی پی ایل میں وہ کئی سالوں تک کھیلتے دکھائی دیے۔ اب وہ اس چھوٹے فارمیٹ میں ایک بار پھر میدان پر کھیلتے دکھائی دیں گے۔ گزشتہ کچھ سالوں میں ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان مقابلے دلچسپ ہوئے ہیں، اور امید کی جا رہی ہے کہ ماسٹرس لیگ میں بھی مقابلہ دلچسپ ہوگا۔

قابل ذکر ہے کہ تندولکر اور یووراج نے ہندوستانی ٹیم کے لیے ایک ساتھ کئی ناقابل فراموش لمحے شیئر کیے ہیں۔ ان لمحات میں 2011 کا یک روزہ عالمی کپ فائنل بھی ہے جس میں ہندوستان چمپئن رہا تھا۔ تندولکر نے اس تعلق سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ہم نے گزشتہ کچھ سالوں میں سری لنکا کے خلاف کھیلتے ہوئے کچھ لاجواب لمحات دیکھے ہیں، جن میں 2011 کا عالمی کپ سب سے خاص تھا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اتنے سال کے بعد میدان پر واپس آنا اور ایک ایسی ٹیم کا سامنا کرنا جو ہمارے کرکٹ کے سفر کا اتنا بڑا حصہ رہی ہے، اسے مزید خاص بناتا ہے۔‘‘


دوسری طرف یووراج سنگھ نے 2011 عالمی کپ اور 2007 ٹی20- عالمی کپ سمیت ہندوستان کی کئی اہم جیت میں قابل ذکر کردار نبھایا ہے۔ انھوں نے اس ٹورنامنٹ سے متعلق کہا کہ ‘‘میں پھر سے میدان پر واپسی کے لیے بے تاب ہوں۔ ہندوستان بمقابلہ سری لنکا ہمیشہ سے دلچسپ مقابلہ رہا ہے اور مجھے پتہ ہے کہ شیدائی بھی اتنے ہی پُرجوش ہیں جتنے ہم ہیں۔‘‘ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’مایہ ناز کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا اور پرانی مقابلہ آرائی کو پھر سے شروع کرنا، یہی انٹرنیشنل ماسٹرس لیگ کا مقصد ہے۔ سچن تندولکر کی قیادت میں سانگا (سنگاکارا) اور سری لنکائی ٹیم کے خلاف کھیلنا ایسا لگ رہا ہے جیسے ہم گزرے وقت میں چلے گئے ہیں، اور کھیل کے تئیں جنون پہلے جیسا ہی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔