دوسرا ٹیسٹ: ٹیم انڈیا 329 پر آؤٹ، انگلینڈ کو آغاز میں چار جھٹکے لگے

انگلینڈ کی جانب سے معین نے علی 128 رن دے کر چار، اسٹون نے 47 رن پر تین، جیک لیچ نے 78 رن پر دو اور جو روٹ نے 23 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

چنئی: ٹیم انڈیا دوسرے کرکٹ ٹسٹ کے دوسرے دن صبح کے سیشن میں پہلی اننگز میں 329 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جبکہ مہمان انگلینڈ لنچ تک صرف 39 رن پر اپنی چار وکٹیں گنوا بیٹھی، فاسٹ بالر ایشانت شرما نے پہلے ہی اوور میں اوپنر روری برنز کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ برنز کا کھاتہ بھی نہیں کھلا۔ اوپنر ڈومینک سبلی کو آف اسپنر روی چندرن اشون نے کپتان وراٹ کوہلی کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ سبلی نے 16 رنز بنائے۔ انگلینڈ کے کپتان جو روٹ جو زبردست فارم میں ہیں ٹسٹ ڈیبیو کرنے والے بائیں ہاتھ کے اسپنر اکشر پٹیل کی بال کو سویپ کرنے کی کوشش میں اشون کو آسان کیچ تھما بیٹھے۔ لنچ سے قبل آخری گیند پر ڈینیئل لارنس آؤٹ ہوئے۔ وہ اشون کو فارورڈ شارٹ لیگ پر شبھ من گل کو کیچ دے بیٹھے۔ روٹ نے چھ اور لارنس نے نو رن بنائے۔ لنچ کے وقت بین اسٹوکس آٹھ رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔

اس سے قبل، ہندوستان نے اپنی اننگز کو صبح چھ وکٹوں پر 300 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا اور صرف 29 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد باقی چار بلے باز پویلین لوٹ گئے۔ وکٹ کیپر رشبھ پنت نے 33 اور پہلا ٹسٹ کھیل رہے اکشر پٹیل نے اپنی اننگز کو پانچ رنز سے کھیلنا شروع کیا۔ ہندوستان کو دن کے دوسرے اوور میں پہلا جھٹکا لگا جب آف اسپنر معین علی نے پٹیل کو وکٹ کیپر کے ہاتھوں اسٹمپ کرا دیا۔ پٹیل اپنے اسکور میں اضافہ نہ کر سکے اور وہ پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔


ہندوستان کی ساتویں وکٹ 301 کے اسکور پر گری۔ پنت نے ایشانت شرما کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لئے 24 رنز کا اضافہ کیا۔ پنت نے رنز بنانے کی ذمہ داری اپنے کندھوں پر لے رکھی تھی۔ انہوں نے اپنی چھٹی نصف سنچری مکمل کی۔ معین علی نے ایشانت شرما کو روری برنز کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ ایشانت کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے۔ فاسٹ بالر اولی اسٹون نے ایک اوور میں کلدیپ یادو اور محمد سراج کے وکٹ کے ساتھ 329 رن پر ہندوستانی اننگز کو سمیٹ دیا۔

کلدیپ کا کھاتہ نہیں کھل سکا جبکہ سراج نے چار رنز بنائے۔ پنت 58 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست رہے۔ آج صبح بنائے گئے 29 رنز میں سے 25 رنز تن تنہا پنت کے بلے سے آئے۔ انگلینڈ کی جانب سے معین نے علی 128 رن دے کر چار، اسٹون نے 47 رن پر تین، جیک لیچ نے 78 رن پر دو اور جو روٹ نے 23 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔