16 ٹیموں کے کپتان نے مل کر بجایا ’ٹی-20 عالمی کپ‘ کا بگل، 28 دنوں کا میلہ، کھیلے جائیں گے 45 میچ

ٹی-20 عالمی کپ میں حصہ لینے والی 16 ٹیموں کے کپتان آج آسٹریلیا میں ایک ساتھ تصویریں کھنچواتے ہوئے دکھائی دیئے، روایتی انداز میں سبھی کپتانوں نے ایک ساتھ سامنے آ کر عالمی کپ کا بگل بجا دیا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ٹی-20 عالمی کپ میں حصہ لینے والی 16 ٹیموں کے کپتان آج آسٹریلیا میں ایک ساتھ تصویریں کھنچواتے ہوئے دکھائی دیئے، روایتی انداز میں سبھی کپتانوں نے ایک ساتھ سامنے آ کر عالمی کپ کا بگل بجا دیا ہے۔ دنیا بھر میں ایک ارب سے زیادہ کرکٹ شیدائیوں کی نظریں تقریباً ایک ماہ تک چلنے والے اس کرکٹ میلہ پر لگی ہوئی ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کا پہلا میچ سری لنکا اور نامیبیا کے درمیان 16 اکتوبر کو کھیلا جائے گا جو کہ گروپ ’اے‘ میں ہیں۔ ساتھ ہی 16 اکتوبر کو ہی گروپ ’اے‘ میں شامل یو اے ای اور نیدرلینڈ (ہالینڈ) کا مقابلہ بھی کھیلا جائے گا۔

یہ ٹورنامنٹ 28 دنوں تک چلے گا جس میں 45 میچ کھیلے جائیں گے۔ فائنل مقابلہ 13 نومبر کو ملبور میں کھیلا جائے گا جہاں چمپئن ٹیم کا نام پتہ چلے گا۔ 2014 میں ٹرافی جیتنے والی سری لنکائی ٹیم حال ہی میں یو اے ای میں ایشیا کپ کی اپنی کامیابی سے پرجوش ہوگی۔ ٹیم کی نظریں سپر 12 میں جگہ بنانے پر لگی ہوں گی تاکہ وہ عالمی کپ خطاب کے لیے اپنی دعویداری پیش کر سکے۔


سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے ٹیم کی کارکردگی سے متعلق اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایشیا کپ میں اچھی کارکردگی کے بعد ہم حوصلہ مند ہیں۔ یہاں موسم اچھا ہے۔ ہماری توجہ اپنی بلے بازی پر مرکوز ہے۔ ٹی-20 میں کوئی بھی میچ اس بات پر منحصر کرتا ہے کہ وہ دن آپ کا کیسا گزر رہا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ بہتر ٹیم جیت حاصل کرے گی۔‘‘

اتوار کو سری لنکا کے خلاف میچ کھیلنے والی نامیبیا کی ٹیم بھی اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنا چاہے گی۔ گزشتہ سال نامیبیا نے پہلی بار عالمی کپ کے سپر-12 میں اپنی جگہ بنا کر بہت اچھا اثر چھوڑا تھا، اور اس بار بھی کچھ ویسا ہی اثر چھوڑنے کی کوشش کرے گی۔


اس درمیان آرون فنچ کی کپتانی والی میزبان آسٹریلیائی ٹیم اپنی گزشتہ خطابی کامیابی کو دہرانے کے لیے بے تاب ہوگی۔ اس کا سپر-12 میں پہلا مقابلہ 22 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف سڈنی میں ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔