ہندوستانی خاتون ٹیم کے سر بندھا ’ایشیا کپ 2022‘ کا تاج، فائنل میں سری لنکا کو بہ آسانی 8 وکٹ سے ہرایا

جب ہندوستانی ٹیم کو سری لنکا پر جیت حاصل ہوئی تو اسمرتی مندھانا کا اسکور 25 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 51 رن تھا، اس دوران انھوں نے 3 چھکے اور 6 چوکے لگائے۔

تصویر بشکریہ @mufaddal_vohra
تصویر بشکریہ @mufaddal_vohra
user

قومی آوازبیورو

ایشیا کپ 2022 کا خطاب ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم نے اپنے سر باندھ لیا ہے۔ آج کھیلے گئے ٹی-20 ایشیا کپ 2022 کے فائنل میچ میں ہندوستانی ٹیم نے گیندبازی اور بلے بازی دونوں ہی شعبہ میں لاجواب کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پہلے تو ہندوستانی گیندبازوں نے سری لنکائی ٹیم کو 20 اوور میں محض 65 رن بنانے دیئے، اور پھر نویں اوور میں ہی جیت کے لیے متعین ہدف کو حاصل کر لیا۔ ایک طرف سری لنکا نے 20 اوور میں اپنے 9 وکٹ گنوائے، وہیں ہندوستانی ٹیم نے 8 وکٹ رہتے جیت حاصل کر لی۔

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ اب تک خاتون ایشیا کپ کرکٹ کے 8 سیزن کھیلے گئے ہیں جن میں سے ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم نے سات مرتبہ فاتح کا تمغہ حاصل کیا ہے۔ صرف گزشتہ مرتبہ ہندوستانی ٹیم ایشیا کپ پر قابض ہونے میں کامیاب نہیں ہو سکی تھی اور بنگلہ دیش کی خاتون کرکٹ ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میچ میں جیت حاصل کی تھی۔


بہرحال، 15 اکتوبر کو کھیلے گئے ایشیا کپ 2022 کے فائنل میچ میں سری لنکائی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا جو پوری طرح سے غلط ثابت ہوا۔ ہندوستان کی قہر برپا کرتی ہوئی گیندبازی کے آگے سری لنکائی ٹیم بے بس دکھائی دی۔ سری لنکا نے 9 رن پر ہی 4 وکٹ گنوا دیئے تھے۔ شروع کے 2 وکٹ رَن آؤٹ ہوئے تھے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کی فیلڈنگ بھی اچھی رہی۔ 2 رَن آؤٹ کے بعد تیز گیندباز رینوکا ٹھاکر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر سری لنکائی بلے بازی کو پوری طرح سے بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ انھوں نے 3 اوور میں 5 رن دے کر 3 وکٹ حاصل کیے۔ اس بہترین کارکردگی کے لیے انھیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس کے بعد اسپنر راجیشوری گائیکواڈ اور سنیہا رانا نے باقی کام 2-2 وکٹ لے کر پورا کر دیا۔ اس طرح 20 اوور میں سری لنکائی ٹیم 9 وکٹ کے نقصان پر 65 رن ہی بنا سکی۔

ہندوستانی ٹیم جب 66 رنوں کا پیچھا کرنے کے لیے اتری تو بلے بازوں پر ذرا بھی دباؤ نہیں تھا۔ اسی کا نتیجہ تھا کہ اسمرتی مندھانا نے بے خوف انداز میں تیز طرار پاری کھیلنی شروع کی۔ اسمرتی کی تیز طرار اننگ کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ جب ان کی ساتھی اوپننگ بلے باز شفالی شرما 8 گیندوں پر 5 رن بنا کر آؤٹ ہوئیں تو اس وقت ٹیم کا اسکور 32 رن پہنچ چکا تھا۔ یعنی اسمرتی 25 رن سے زیادہ بنا چکی تھیں۔ جیمما روڈرگس 4 گیندوں پر محض 2 رن بنا کر جلد ہی آؤٹ ہو گئیں، لیکن اسمرتی پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑا۔ انھوں نے اپنی دھماکہ خیز پاری جاری رکھی اور جب ہندوستانی ٹیم کو جیت حاصل ہوئی تو اسمرتی مندھانا کا اسکور 25 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 51 رن تھا۔ اس دوران انھوں نے 3 چھکے اور 6 چوکے لگائے۔ یعنی 42 رن تو اسمرتی نے صرف باؤنڈری کے ذریعہ ہی حاصل کیے۔ کپتان ہرمن پریت کور نے 14 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 11 رن کی اننگ کھیلی۔ ہندوستان نے 8.3 اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر ہی 71 رن بنا لیے۔ مندھانا نے چھکا لگا کر ہندوستان کو میچ جتایا اور ساتھ ہی اپنی نصف سنچری بھی پوری کر لی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔