ٹی-20 عالمی کپ: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان خطابی جنگ، جیت کا سلسلہ برقرار رکھنا چاہتے ہیں بابر اعظم

بابر نے کہا کہ ہم پہلے دو میچ ہارے ہیں، لیکن جس طرح سے آخری چار میچوں میں واپسی کی ہے، اس لئے ہم فائنل میں بھی اسی رفتار کو جاری رکھنے کی کوشش کریں گے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

میلبورن: پاکستانی کپتان بابر اعظم چاہتے ہیں کہ ان کی ٹیم ٹی-20 ورلڈ کپ میں جیت کا سلسلہ جاری رکھے۔ انہیں اتوار کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں خطابی مقابلہ میں انگلینڈ کا سامنا کرنا ہے۔ پاکستان نے اتوار کو ایم سی جی میں ہندوستان اور زمبابوے کے خلاف اپنے دو ابتدائی میچوں میں شکست کے بعد واپسی کرتے ہوئے مسلسل چار میچ جیتے ہیں، جس میں سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف 7 وکٹوں کی شاندار جیت بھی شامل ہے۔

بابر نے کہا، "ہم پہلے دو میچ ہارے ہیں (لیکن) جس طرح سے ہم نے آخری چار میچوں میں واپسی کی ہے، ہم نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہم نے آخری چار میچوں میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور ہم فائنل میں بھی اسی رفتار کو جاری رکھنے کی کوشش کریں گے۔" بابر کا خیال ہے کہ پاکستان کو اپنی تیز باؤلنگ لائن اپ کے ساتھ اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا خاص طور پر انگلینڈ کی معیاری ٹیم کے چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے، جس نے سیمی فائنل میں ہندوستان کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔


انہوں نے کہا، "انگلینڈ ایک اچھی ٹیم ہے، ان کے پاس کھلاڑیوں کا ایک اچھا گروپ ہے اور ان کے پاس معیاری فاسٹ باؤلرز اور بلے باز ہیں۔ اس لیے ہم اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی پوری کوشش کریں گے اور میچ کا انتظار کریں گے۔" انہوں نے کہا کہ "فائنل میں پہنچنے کے لیے ہندوستان کے خلاف ان کی جیت ایک مضبوط کڑی تھی۔ ہماری حکمت عملی اپنے منصوبے پر قائم رہنا ہے اور فائنل جیتنے کے لیے اپنے پیس اٹیک کو اپنی طاقت کے طور پر استعمال کرنا ہے۔"

خیال رہے کہ پاکستان اور اور انگلینڈ کے درمیان 1990 کے ون ڈے ورلڈ کی طرح ایم سی جی پر ہی ٹی-20 ورلڈ کپ کا بھی فائنل کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان نے جیت حاصل کر کے عالمی کپ اپنے نام کیا تھا۔ اس وقت عمران خان کی قیادت والی ٹیم نے عالمی کپ جیتا تھا۔ پاکستان کے ساتھ ٹرافی اٹھانے سے ایک میچ دور بابر نے اعتراف کیا کہ وہ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ کر بہت حیران تھے۔


انہوں نے کہا "ہم نے اچھی شروعات نہیں کی لیکن ہم نے بہت تیز رفتاری کے ساتھ واپسی کی۔ گزشتہ 3-4 میچوں میں، پاکستانی ٹیم نے انفرادی اور ٹیم دونوں سطحوں پر واقعی اچھا کھیلا ہے۔ ہم اس کے لیے بہت محنت کر رہے ہیں۔ فائنل میں پہنچنا ایک خواب پورا ہونے کے مترادف ہے۔" بابر نے مزید اعتراف کیا کہ پاکستان کو بڑی تعداد میں شائقین کی حمایت حاصل ہے جو انہیں خوش کرنے کے لیے اسٹیڈیم آ رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔