ٹی-20 عالمی کپ: پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 152 رن پر روکا، جیت کے لئے بنانے ہوں گے 153 رن

اس میچ میں پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے اپنی بہترین کارکردگی کے سلسلہ کو برقرار رکھا اور اپنے پہلے ہی اوور میں فن ایلن کو آؤٹ کیا۔

تصویر ٹوئٹر / @ICC
تصویر ٹوئٹر / @ICC
user

قومی آوازبیورو

سڈنی: ٹی-20 عالمی کپ کے پہلے سیمی فائنل مقابلہ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لئے 153 رن کا ہدف دیا ہے۔ نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 152 رن اسکور کئے۔ نیوزی لینڈ نے ایک وقت پر 49 رن کے اسکور پر 3 کھلاڑی کھو دیئے تھے لیکن اس کے بعد پہلے کین ولیمسن اور پھر ڈیریل مچل نے اننگ کو سنبھالا اور اسکور کو 150 رن کے پار پہنچایا۔

اس میچ میں پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے اپنی بہترین کارکردگی کے سلسلہ کو برقرار رکھا اور اپنے پہلے ہی اوور میں فن ایلن کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے دو وکٹ حاصل کئے۔ ایک وکٹ محمد نواز نے حاصل کیا۔ جبکہ نیوزی لینڈ کا ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہو کر واپس لوٹا۔


قبل ازیں، نیوزی لینڈ نے بدھ کو یہاں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے آئی سی سی مردوں کے ٹی-20 عالمی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ دونوں ٹیموں کی ٹیم الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس کے بعد کہا کہ ہم پہلے بلے بازی کریں گے۔ یہ ایک استعمال شدہ وکٹ ہے، اس پر زیادہ گھاس نہیں ہے۔ ہم بدلتے ہوئے حالات کا جلد اندازہ لگانے کی کوشش کریں گے۔ منصوبوں پر قائم رہنا ضروری ہے۔"


دوسری جانب پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم بھی پہلے بلے بازی ہی کرتے۔ ہم ابتدائی حالات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے اور ان پر دباؤ ڈالیں گے۔ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ہم اپنے پہلے دو میچ ہارے لیکن جس طرح سے ٹیم نے پچھلے تین میچوں میں کھیلا ہے، ہمیں ٹیم پر اعتماد ہے اور ہم اس رفتار کو بڑھانے کی کوشش کریں گے۔ نیوزی لینڈ کے پاس معیاری کھلاڑی ہیں، ہم پرسکون رہنے اور حالات کے مطابق کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

نیوزی لینڈ ٹیم الیون: فن ایلن، ڈیون کونوے (وکٹ کیپر)، کین ولیمسن (کپتان)، گلین فلپس، ڈیرل مشل، جیمز نیشم، مشل سینٹنر، ٹم ساؤتھی، ایش سودھی، لوکی فرگوسن، ٹرینٹ بولٹ

پاکستان ٹیم الیون: محمد رضوان (وکٹ کیپر)، بابر اعظم (کپتان)، محمد حارث، شان مسعود، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، حارث رؤف، شاہین آفریدی

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔