ٹی-20 عالمی کپ: زمبابوے کو ہرا کر ٹاپر بنا ہندوستان، سیمی فائنل میں انگلینڈ سے مقابلہ، نیوزی لینڈ سے ہوگا پاکستان کا مقابلہ

دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر سیمی فائنل میں پاکستان اور ہندوستان نے اپنے اپنے مدمقابل کو زیر کر دیا تو فائنل میں ایک بار پھر ان روایتی حریفوں کا مقابلہ ہو سکتا ہے۔

ٹیم انڈیا / ٹوئٹر / @ICC
ٹیم انڈیا / ٹوئٹر / @ICC
user

قومی آوازبیورو

میلبرن: آئی سی سی ٹی۔ 20 عالمی کپ کے سپر 12 مرحلہ کے آخری مقابلہ میں ٹیم انڈیا نے زمبابوے کو 71 رونوں سے روندتے ہوئے گروپ 2 میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ ہندوستان پہلے ہی سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر گیا تھا اور اب اس کا مقابلہ 10 نومبر کو انگلینڈ سے ہوگا۔ وہیں، پاکستانی ٹیم بھی سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے اور اسے گروپ 1 ایک ٹاپر نیوزی لینڈ سے مقابلہ کرنا پڑے گا۔

سیمی فائنلز میں جیت حاصل کرنے والی 2 ٹیمیں ٹی-20 فارمیٹ کی بادشاہت کے لئے میدان میں اتریں گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سیمی فائنل میں پاکستان اور ہندوستان نے اپنے اپنے مدمقابل کو زیر کر دیا تو فائنل میں ایک بار پھر ان روایتی حریفوں کا مقابلہ ہو سکتا ہے۔


ٹیم انڈیا نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 186 رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ سوریہ کمار یادو نے محض 25 گیندوں میں 61 رنوں کی اننگ کھیل کر میچ کا رخ ہی پلٹ دیا۔ جواب میں زمبابوے کی ٹیم پوری طرح فلاپ رہی اور اس کے وکٹ لگاتار گرتے رہے۔

ایک وقت پر ہندوستان کی حالت خراب ہو گئی تھی اور 101 کے اسکور پر چار وکٹیں گر چکی تھیں لیکن بعد میں سوریہ کمار یادو نے شاندار اننگز کھیلی، جس میں انہوں نے صرف 25 گیندوں میں 61 رنز بنائے۔ اس شاندار اننگز کی بنیاد پر ہندوستان نے اسکور 186 تک پہنچا دیا۔


جواب میں زمبابوے نے پوری طرح گھٹنے ٹیک دیئے، زمبابوے کی حالت یہ تھی کہ صرف 36 کے اسکور پر اس کی 5 وکٹیں گر چکی تھیں۔ ایسے میں اس کے لیے میچ جیتنا مشکل ہو گیا تھا۔ ٹیم انڈیا کے روی چندرن اشون نے 3، ہاردک پانڈیا نے 2 اور محمد شامی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ زمبابوے کی پوری ٹیم 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 115 کے اسکور پر آل آؤٹ ہو گئی۔ سوریہ کمار یادو کو ان کی شاندار کارکردگی کے لئے پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔