ٹی-20 عالمی کپ: پاکستان سیمی فائنل میں داخل، بنگلہ دیش کو 5 وکٹ سے دی شکست

بنگلہ دیش نے 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 127 رن بنائے تھے، جواب میں پاکستان نے 11 گیندیں باقی رہتے ہوئے 5 وکٹ کے نقصان پر ہدف کا کامیابی کے ساتھ تعاقب کر لیا

پاکستان فتح یاب / ٹوئٹر
پاکستان فتح یاب / ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

ایڈیلیڈ: پاکستان نے شاہین شاہ آفریدی (22/4) اور شاداب خان (30/2) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے سپر-12 میچ میں بنگلہ دیش کو 127 رنزپر محدود کر دیا۔ اس کے بعد محمد رضوان (32 رن)، بابر اعظم (25 رن) اور محمد حارث (31 رن) کی بلے بازی کی بدلوت ہدف حاصل کر لیا اور سیمی فائنل میں داخل ہو گیا۔ بنگلہ دیش نے 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 127 رن بنائے تھے، جواب میں پاکستان نے 11 گیندیں باقی رہتے ہوئے 5 وکٹ کے نقصان پر ہدف کا کامیابی کے ساتھ تعاقب کر لیا۔

پاکستان کے اوپنرز نے ہدف کے تعاقب میں 57 رنز کا آغاز فراہم کیا، قومی کپتان بابر اعظم 25 رنز بنا کر نسوم احمد کی بال پر آؤٹ ہوگئے، صرف 4 رنز کے اضافے سے کپتان کے بعد محمد رضوان 32 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس بار کامیاب بولر عبادت حسین تھے، محمد نواز بھی صرف چار رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور لٹن داس کی تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے۔

اس موقع پر محمد حارث نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیشی بولرز کو حاوی نہیں ہونے دیا اور جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے 18  گیندوں پر 31 رنز بنائے جس میں دو چھکے اور ایک چوکا شامل تھا، یہ وکٹ شکیب الحسن نے حاصل کی، افتخار احمد ایک رن بنا کر واپس لوٹ گئے، پاکستان کی جانب سے شان مسعود 14 گیندوں پر 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔


قبل ازیں، بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اننگز کو آسانی سے آگے بڑھایا، اس نے لٹن داس (10) کی وکٹ جلد ہی کھو دی۔ نجم الحسن شانتو اور سومیا سرکار نے دوسری وکٹ کے لیے 52 رنز بنائے۔ شانتو نے 48 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے جبکہ سومیا سرکار نے 17 گیندوں میں 20 رنز بنائے۔ شانتو-سومیا اس شراکت سے بنگلہ دیش کو بڑے اسکور کی طرف لے جا رہے تھے لیکن شاداب نے 11ویں اوور میں سومیا اور کپتان شکیب الحسن کو آؤٹ کر کے میچ کا رخ ہی بدل دیا۔

یہاں سے بنگلہ دیش کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ اگرچہ عفیف حسین نے 20 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 24 رنز بنائے لیکن دوسرے مڈل آرڈر بلے باز ڈبل فیگرز کو بھی نہ چھو سکے اور بنگلہ دیش 127/8 تک محدود رہا۔ شاہین نے چار اوورز میں صرف 22 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب نے چار اوورز میں 30 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ حارث رؤف اور افتخار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔