ٹی-20 سیریز: ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو 65 رنوں سے روندا، سوریہ نے بلے اور ہڈا نے گیند سے کیا کمال

ٹیم انڈیا / ٹوئٹر / @ICC
ٹیم انڈیا / ٹوئٹر / @ICC
user

قومی آوازبیورو

ماؤنٹ مونگانئی: سوریہ کمار یادیو کی طوفانی سنچری کے بعد گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے اتوار کو کھیلے گئے دوسرے ٹی-20 انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ کو 65 رنز سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔

ہندوستان نے سوریہ کمار یادو (ناٹ آؤٹ 111) کی دھماکہ خیز سنچری کی مدد سے اتوار کے روز نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی۔20 میچ میں 192 رنز کا ہدف دیا تھا۔ سوریہ کمار نے اس دھماکہ خیز سنچری میں 51 گیندوں میں 11 چوکے اور سات چھکے لگا کر 111 رنز بنائے۔ وہ روہت شرما (2018) کے بعد ٹی-20 انٹرنیشنل میں ایک سال میں دو سنچریاں بنانے والے دوسرے ہندوستانی بلے باز بن گئے۔


ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی شروعات سست اور ناقص رہی۔ پہلے ہی اوور میں فن ایلن (0) کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ڈیون کونوے نے کپتان کین ولیمسن کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی اور دوسری وکٹ کے لیے 56 رنز جوڑے۔ 25 کے ذاتی اسکور پر کونوے کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹیں گرنا شروع ہوگئیں لیکن ولیمسن نے ایک اینڈ پر ٹھہر کر نصف سنچری بنائی۔

ولیمسن نے 52 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 61 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ کوئی اور کیوی بلے کمال نہیں کر سکا۔ ہندوستان کی جانب سے بولنگ میں دیپک ہڈا نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ محمد سراج اور چہل نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔


قبل ازیں، نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا اور ابتدائی اوور میں سخت گیند بازی کی۔ اننگز کا آغاز کرنے والے رشبھ پنت نے سخت جدوجہد کی اور 13 گیندوں میں چھ رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ ایشان کشن نے کچھ اچھے شاٹس کھیلے، حالانکہ وہ 31 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے صرف 36 رنز ہی بنا سکے۔ شریاس ایر (13) نے چوکا کھیل کر اننگز کا آغاز کیا لیکن بدقسمتی سے وکٹ کا شکار ہونے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

ہندوستان نے 10 اوورز میں صرف 75 رنز بنائے تھے جس کے بعد سوریہ کمار نے اننگز کی رفتار کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے تیسرے وکٹ کے لیے ایر کے ساتھ 39 رنز کی شراکت داری کی، جب کہ کپتان ہاردک پانڈیا (13) کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لیے 82 رنز کا اضافہ کیا۔ سوریہ کمار کی طوفانی بلے بازی کی بدولت ہندوستان نے آخری پانچ اوورز میں 72 رنز بنائے۔


تاہم، آخری اوور میں ٹم ساؤتھی نے پانڈیا، دیپک ہڈا اور واشنگٹن سندر کو آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک کی اور صرف پانچ رنز دے کر ہندوستان کو 20 اوورز میں 191/6 تک محدود کر دیا۔ ساؤتھی کے علاوہ لوکی فرگوسن نے چار اوورز میں 49 رنز دے کر دو وکٹ حاصل کیے جبکہ ایش سودھی نے چار اوورز میں 35 رنز دے کر ایک وکٹ لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔