جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر کرس مورس نے کرکٹ کے سبھی فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا کیا اعلان

انسٹاگرام پوسٹ میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے مورس نے لکھا ’’ان سبھی کا شکرگزار ہوں جنہوں نے میرے اس سفر میں اپنا چھوٹا یا بڑا تعاون کیا، یہ ایک شاندار سفر تھا، میں اب کوچنگ کے کردار کا منتظر ہوں۔‘‘

کرس مورسِ تصویر آئی اے این ایس
کرس مورسِ تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز آل راؤنڈر کرس مورس نے کرکٹ کے سبھی فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ اپنے 12 سالہ کیریئر کے دوران 34 سالہ مورس نے 69 بین الاقوامی میچ کھیلے اور مجموعی طور پر 94 وکٹیں حاصل کیں۔ اب وہ جنوبی افریقہ کی گھریلو ٹیم ٹائٹنز کی کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

ایک انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے مورس نے لکھا، "ان سبھی کا شکرگزار ہوں جنہوں نے میرے اس سفر میں اپنا چھوٹا یا بڑا تعاون کیا ہے۔ یہ ایک شاندار سفر تھا۔ میں اب کوچنگ کے کردار کا منتظر ہوں۔"


مورس نے 2019 کے ورلڈ کپ کے بعد سے جنوبی افریقہ کے لیے بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلی ہے لیکن اپنی شاندارگیندبازی کی وجہ سے وہ فرنچائیزی کرکٹ کے پسندیدہ رہے ہیں۔ آئی پی ایل کی نیلامی میں چند مواقع پر انہیں ریکارڈ توڑ رقم سے خریدا گیا۔ پہلے وہ دہلی ڈیئر ڈیولز کے ساتھ گئے، پھر انہیں رائل چیلنجرز بنگلور نے خریدا۔ 2021 کی آخری نیلامی میں، انہیں راجستھان رائلز نے 2.25 ملین امریکی ڈالر کی رقم میں خریدا، جو کہ آئی پی ایل کی نیلامی میں سب سے مہنگے کھلاڑی ہونے کا ریکارڈ ہے۔

مورس نے 22 سال کی عمر میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے نومبر 2012 میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، جون 2013 میں ون ڈے اور جنوری 2016 میں ٹیسٹ میچ سے ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے چار ٹیسٹ میچوں میں 38.25 کی اوسط سے 12 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف اپنے ٹیسٹ ڈیبیو میں بھی 69 رنز بنائے جو ان کا سب سے بڑا سکور تھا۔


انہوں نے 42 ون ڈے میچوں میں 36.58 کی اوسط سے 48 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ 20.30 کی اوسط اور 100.43 کے اسٹرائیک ریٹ سے 467 رنز بنائے، جس میں 62 ان کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ ساتھ ہی 23 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 20.50 کی اوسط سے 34 وکٹیں اور ایک نصف سنچری کے ساتھ 133 رن درج ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔