سورو گانگولی ایک بار پھر کرکٹ کے میدان پر اترنے کو تیار، خوب بہا رہے پسینہ

گانگولی نے آخری بار نومبر 2015 میں کرکٹ آل اسٹارس سیریز میں میچ کھیلا تھا، اس وقت گانگولی نے سچنس بلاسٹرس ٹیم کے لیے لاس اینجلس میں میچ کھیلا تھا اور اس میں 37 گیندوں پر طوفانی 50 رن بنائے تھے۔

سورو گانگولی
سورو گانگولی
user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی کرکٹ کو اپنی کپتانی میں بلندی عطا کرنے والے سابق کپتان سورو گانگولی ایک بار پھر کرکٹ کے میدان پر اترنے کی تیاری کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ وہ اس سال ہونے والے لیجنڈس کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھیلنے اتریں گے۔ اس بات کی جانکاری خود سابق کپتان گانگولی نے سوشل میڈیا کے ذریعہ دی ہے۔ گانگولی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کچھ تصویریں شیئر کی ہیں جن میں وہ ورزش کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ گانگولی نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ وہ ایک چیریٹی میچ ہوگا جس میں وہ کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ یہ میچ ہندوستان کی آزادی کے 75 سال مکمل ہونے کے پیش نظر کھیلا جا رہا ہے۔ گانگولی نے اس انسٹاگرام پوسٹ میں تصویر شیئر کرنے کے ساتھ لکھا ہے کہ ’’آزادی کے امرت مہوتسو کے پیش نظر کھیلے جانے والے ایک چیریٹی میچ کی تیاری چل رہی ہے۔ اس کی تیاری اور ٹریننگ کا لطف لے رہا ہوں۔‘‘ گانگولی نے اپنے پوسٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’ہندوستان کی آزادی کے 75 سال پورے ہونے اور خواتین کی خود مختاری کے لیے سرکردہ کھلاڑیوں کے ساتھ لیجنڈس لیگ کرکٹ میں جلد ہی کچھ گیندیں کھیلنی ہیں۔‘‘


واضح رہے کہ سورو گانگولی اس وقت ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ یعنی بی سی سی آئی کے صدر بھی ہیں۔ وہ سات سال قبل بھی میدان پر کرکٹ کھیلتے ہوئے نظر آئے تھے۔ گانگولی نے آخری بار نومبر 2015 میں کرکٹ آل اسٹارس سیریز میں میچ کھیلا تھا۔ اس وقت گانگولی نے سچنس بلاسٹرس ٹیم کے لیے لاس اینجلس میں میچ کھیلا تھا اور اس میں 37 گیندوں پر طوفانی 50 رن بنائے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔