کامن ویلتھ گیمز: پان والے کے بیٹے سنکیت نے ہندوستان کو دلایا پہلا تمغہ

سنکیت صرف ایک کلو کے فرق سے طلائی تمغہ سے محروم رہ گئے۔ سنکیت کے زخمی ہونے کا فائدہ انیک کو ملا، اگر سنکیت زخمی نہیں ہوتے تو طلائی تمغہ ان کے نام ہو سکتا تھا۔

سنکیت مہادیو سرگر، تصویر آئی اے این ایس
سنکیت مہادیو سرگر، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

برمنگھم میں ہو رہے کامن ویلتھ گیمز میں ہندوستان کو پہلا تمغہ دلاتے ہوئے 21 سالہ سنکیت مہادیو سرگر نے بہترین کارنامہ انجام دیا ہے۔ ہفتہ کے روز ویٹ لفٹنگ کے 55 کلوگرام وزن والے گروپ میں سنکیت نے تاریخی مظاہرہ کرتے ہوئے اسنیچ میں 113 کلوگرام اور کلین اینڈ جرک میں 135 کلوگرام وزن اٹھایا۔ اس طرح مجموعی طور پر 248 کلوگرام وزن اٹھا کر مہاراشٹر کے اس کھلاڑی نے نقرئی تمغہ اپنے نام کر لیا۔ انھوں نے پوائنٹس ٹیبل میں ہندوستان کا کھاتہ کھول دیا ہے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ سنکیت کے والد پان اور چائے کی دکان چلاتے ہیں اور کافی جدوجہد کرتے ہوئے سنکیت اس مقام تک پہنچے ہیں۔

آئیے ایک نظر ڈالتے ہیں سنکیت مہادیو سرگر کی کارکردگی پر:

اسنیچ راؤنڈ- سنکیت نے اسنیچ راؤنڈ میں اپنی پہلی ہی کوشش میں 107 کلوگرام وزن اٹھایا۔ اس کے بعد دوسری کوشش میں 111 کلوگرام وزن، اور پھر تیسری کوشش میں 113 کلوگرام وزن اٹھا لیا۔


کلین اینڈ جرک راؤنڈ- پہلے راؤنڈ میں انھوں نے 135 کلوگرام وزن اٹھایا۔ دوسری اور تیسری کوشش میں وہ ناکام رہے۔ دوسرے راؤنڈ میں ہی ان کا ہاتھ مڑ گیا تھا۔ اس کے باوجود وہ تیسرے راؤنڈ میں ملک کے لیے اترے، لیکن وہ طلائی تمغہ نہیں جیت سکے۔

قابل ذکر ہے کہ ملیشیا کے بب انیک نے طلائی تمغہ حاصل کیا۔ انھوں نے مجموعی طور پر 249 کلوگرام وزن اٹھایا۔ انیک کا اسکور اسنیچ میں 107 اور کلین اینڈ جرک میں 142 کلوگرام رہا۔ سنکیت صرف ایک کلو کے فرق سے طلائی تمغہ سے محروم رہ گئے۔ سنکیت کے زخمی ہونے کا فائدہ انیک کو ملا۔ اگر سنکیت زخمی نہیں ہوتے تو طلائی تمغہ ان کے نام ہو سکتا تھا۔ بہر حال، سری لنکا کے دلانکا یوداگے نے 225 کلوگرام وزن کے ساتھ کانسہ کا تمغہ جیتا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔